پنجاب حکومت کا سرکاری ملازمین کو خصوصی پیکج دینے کا اعلان

29 Mar, 2020 | 10:57 AM

Sughra Afzal

مال روڈ (علی اکبر) وزیر اعلیٰ پنجاب نے دیہاڑی دار اور مزدور طبقے کیلئے پیکیج کا فوری طریقہ کار طے کر نے کا حکم دے دیا، لاک ڈاؤن سے متاثرہ مزدور طبقے کو ایزی پیسہ کے ذریعے مالی ریلیف دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت بند کمرے کی بجائے کھلے لان میں اجلاس ہوا،اجلاس میں پنجاب فنانشل پیکیج کیلئے سفارشات اورتجاویز کا جائزہ لیا گیا، اس موقع پر فیصلہ کیا گیاکہ لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے دیہاڑی دار اور مزدور طبقے کیلئے خصوصی پیکیج دیا جائے گا۔

ریلیف پیکیج کیلئے اضلاع کی سطح پر ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں کمیٹیاں بنائی جائیں گی، خصوصی کمیٹیوں میں عوامی نمائندے اور دیگر مکاتب فکر کو نمائندگی دی جائے گی، کورونا وائرس کی وجہ سے دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے سرکاری ملازمین کو خصوصی پیکیج دیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن اورسیمی لاک ڈاؤن والے علاقوں میں متاثرین کورونا کے لواحقین کوراشن کی فراہمی جاری رہے گی، نادار طبقے کومشکل کی گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے، وزیراعظم ریلیف پیکیج کے تحت بھی محنت کشوں کو مالی مراعات دی جائیں گی، جبکہ بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام اور بیت المال کے ذریعے نادار لوگوں کی امداد کا عمل جاری ہے۔

اجلاس میں وزیر قانون راجہ بشارت، وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، وزیر صنعت میاں اسلم اقبال، چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور دیگراعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

واضح رہےکہ دنیا بھر میں تباہی مچانے والے کورونا وائرس نے پاکستان میں بھی ڈیرے ڈال لیے، اس مہلک وائرس کے باعث 13 افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں، ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد 1500 سے تجاوز کر گئی، صوبہ پنجاب کورونا کیسز کی تعداد میں صوبہ سندھ سے بھی آگے نکل گیا، سندھ میں 481 خیبر پختونخوا میں 188، بلوچستان میں 138، گلگت بلتستان میں 107، اسلام آباد میں 43 ، پنجاب میں سب سے زیادہ 558 کیسز رپورٹ ہوئے۔  

مزیدخبریں