رائیونڈ(عمر اسلم) پاکستان.مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کی چیانگ کو خط لکھا، جس میں انہوں نے پاکستان.کا اس مشکل گھڑی میں ساتھ دینے پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے خط میں لکھا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کی صورت میں بھی پاکستان.کی مدد کی، مشکل کی اس گھڑی میں طبی سامان فراہم کرنے پر چینی حکومت کے شکر گزار ہیں، اور آپ کی مدد سے پاکستان.میں کورونا سے قیمتی جانوں کو بچانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے خط میں لکھا کہ چین نے کورونا وائرس کے خلاف بہت عمدہ اور بروقت انداز میں حکمت عملی اختیار کی، کمیونسٹ پارٹی اور آپکی قیادت میں چین کے عوام نے وائرس کے خلاف بخوبی جنگ کی، مشکل کی گھڑی میں چین نے مدد کرکے ثابت کیا کہ ہم مضبوط دوستی کے بندھن میں بندھے ہیں۔
واضح رہےکہ دنیا بھر میں تباہی پھیلانے والے کورونا وائرس نے پاکستان.میں بھی ڈیرے ڈال لیے، اس مہلک وائرس کے باعث 13 افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں، ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد 1500 سے تجاوز کر گئی، صوبہ پنجاب کورونا کیسز کی تعداد میں صوبہ سندھ سے بھی آگے نکل گیا، سندھ میں 481 خیبر پختونخوا میں 188، بلوچستان میں 138، گلگت بلتستان میں 107، اسلام آباد میں 43 ، پنجاب میں سب سے زیادہ 558 کیسز رپورٹ ہوئے ، گزشتہ روز چین سے ہزاروں کورونا ٹیسٹنگ کٹس اور ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم پاکستان.پہنچ گئی۔