(سٹی 42) لاہور ہائیکورٹ نے حج کوٹہ پالیسی کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت، وزارت مذہبی اُمور اور وزارت حج سمیت دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 2 اپریل تک جواب طلب کرلیا۔
جسٹس عائشہ اے ملک نے ماہم ٹریولز سمیت دیگر کی درخواست پرسماعت کی، درخواست گزاروں کی جانب سے اسد منظوربٹ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، درخواست گزار نے وفاقی حکومت، وزارت مذہبی اُمور سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں مساوی بنیادوں پر حج کوٹہ الاٹ نہیں کیا جارہا، نجی حج ٹورز آپریٹرز کو کوٹہ کی الاٹمنٹ سے قبل ہی وزارت نے ویب سائٹ پر پرانے ٹورز کے نام اپ لوڈ کردیئے ہیں, پرانے حج ٹورز کو نوازا اور نئے آپریٹرز کو نظرانداز کیا جارہا ہے، متعلقہ اداروں کو درخواست دی لیکن شنوائی نہیں ہوئی۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت نجی حج ٹورز آپریٹرز کو برابری اور میرٹ کی بنیاد پر کوٹہ الاٹ کرنے کا حکم دے،عدالت نے درخواست کو دیگر درخواستوں کے ساتھ یکجا کر کے 2 اپریل کو لگانے ہدایت کی کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔