(وقاص احمد )مصری شاہ کے علاقہ مین سکریپ کے گودام میں ہینڈ گرنیڈ پھٹنے کا معاملہ، پولیس نے 2 افراد کو حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق مصری شاہ کے علاقہ مین سکریپ کے گودام میں ہینڈ گرنیڈ پھٹنے کے معاملے پر گودام میں تلاشی کے دوران ایک ڈیٹونیٹر اور مزید دو دستی بم برآمد ہوئے جس کے نتیجے میں پولیس نے دو افراد کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق سکریپ کے گودام سے ملنے والے ہینڈ گرینیڈ اور ڈیٹونیٹر ناکارہ بنائے گئے۔اُن کا کہنا ہے کہ معاملے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مصری شاہ میں سکریپ کے گودام میں دستی بم پھٹنے سے ایک مزدور جاں بحق ہوگیا تھا، مزدور خلیل معمول کے مطابق سکریپ کے گودام میں کام کر رہا تھا۔ مزدور نے لاعلمی میں سکریپ میں موجود گرنیڈ کی پن کھول دی جس سے وہ پھٹ گیا، سکریپ کے گودام کو سیل کر دیا گیا ہے۔