حسن علی: سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہاہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خطاب کے دوران اپوزیشن کی جانب سے کئے جانے والی بے ہودگی اور ہلڑ بازی کا مظاہرہ کسی صورت برداشت نہیں ہوگا، اپوزیشن لیڈر معاملات طے کرنے کے باوجود اپنے ارکان کو نہیں سنبھال سکے، اسمبلی میں اخلاقیات کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی بنانے کااعلان کرتا ہوں۔
پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر اسمبلی ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ مریم نواز کے خطاب کے دوران تمام اخلاقی اور پارلیمانی روایات کو بری طریقے سے پامال کیاگیا،جس کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اپوزیشن لیڈر اپنے ہی ارکان کو سنبھالنے میں ناکام رہے۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہاکہ ماضی میں اپوزیشن کو دیوار کیساتھ لگایا گیا لیکن گزشتہ چار ماہ کے دوران اپوزیشن کی تمام جائز باتوں کو ایوان میں لانے کی اجازت دی ۔تاہم گالی گلوچ اور ہلڑ بازی کا رویہ کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ۔ ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ کسی کی گاڑی کو اسمبلی میں داخل ہونے سے اس لئے روکا گیا کہ مسلح لوگوں کی پنجاب اسمبلی میں آنے کی اطلاع تھی۔