(فاطمہ عارف) ٹھنڈی ہوائیں، بارش، سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی کے باعث شہر لاہور میں گرمی کی شدت میں کمی ہو گئی جبکہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سپیل 5جولائی کو لاہور میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ شہر لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری تک جانے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 61 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ عالمی فضائی آلودگی کی درجہ بندی میں لاہور 6چھٹے نمبر پر آ گیا ہے،شہر میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 144ریکارڈ کی گئی ہے۔ سید مراتب علی روڈ 158،ٹھوکرنیازبیگ میں آلودگی کی شرح 156 ریکارڈ، کوٹ لکھپت 144،جوہر ٹاؤن میں آلودگی کی شرح 139 ریکارڈ کی گئی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، جنوب مشرقی اور زیریں سندھ ، شمال مشرقی اور جنوبی بلوچستان، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار ، کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں چند مقامات پر آندھی/جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ (صبح) ہفتہ کے روز اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم صبح یا رات کے اوقات میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ آندھی یا جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
صوبہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم ایبٹ آباد، بالاکوٹ، مانسہرہ، شانگلہ، بٹگرام، دیر، سوات، مالاکنڈ ، پشاور، کوہستان، وزیرستان، باجوڑاور کرم میں چند مقامات پر آندھی یا جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی امید ہے۔ صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم مری،گلیات، راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، گوجرانوالہ، گجرات، نارووال، سیالکوٹ، وزیرآباد، منڈی بہاؤالدین، میانوالی، سرگودھا، حافظ آباد، لاہور اور بہاولنگر میں آندھی یا جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پربارش کی توقع ہے۔
صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی امید ہے، تاہم ژوب، موسیٰ خیل، شیرانی، سبی، جھل مگسی، با رکھان، ڈیرہ بگٹی، خضدار، آواران اور لسبیلہ میں چند مقا مات پر آندھی یا جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم مٹھی، تھرپارکر ،عمر کوٹ، میرپور خاص اور بدین میں چند مقا مات پر آندھی یا جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے ، اس دوران سندھ کے ساحلی اضلاع میں بھی چند مقامات پر ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم خشک اورمطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔