مائدہ وحید: نیلم بلاک اقبال ٹاؤن کے مکین صاف ستھرے پارک کی سہولت سے محروم ہیں۔ بچوں کے لئے چھوٹا سا یہ پارک جگہ جگہ پانی اور گندگی کے سبب علاقہ کے مکینوں کے لئے ناقابل استعمال ہو گیا ہے۔
نیلم بلاک کے مکینوں نے بتایا کہ کچھ عرصہ پہلے اس پارک میں شام کو بچے اور فیملیز آتے تھے اور یہاں وقت گزار کر خود کو تر و تازہ کر لیتے تھے۔ گھروں کے قریب بچوں کے لیے ایک یہ پارک ہی میسر تھا۔ روزایہ صبح شام یہاں علاقہ کے مکین چہل قدمی کرتے تھے۔
طویل عرصہ سے انتظامیہ نے اس پارک کی حالت بہتر کرنے پر توجہ دینا چھوڑ دی ہے جس کے سبب یہاں نہ جھولے ہیں نہ ہی کوئی بیٹھنے کی جگہ ہے۔
پارک میں گندا پانی کھڑاہونے سے مچھروں کی افزئش ہوتی ہے۔ پارک میں جگہ جگہ کوڑے کی موجودگی اور گندا پانی کھڑا ہونے سے تعفن پھیلنے لگا ہے۔
نیلم بلاک اقبال ٹاؤن کے رہائشیوں نے انتظامیہ سے بار بارمطالبہ کیا کہ اس علاقہ میں سینکڑوں گھرانوں کے بچوں اور بڑوں کے لئے واحد تفریح گاہ یہ پارک ہی ہے۔ یہاں جھولے لگوائے جائین اور اس پارک کو جلد بحال کیا جائے۔ لیکن اب تک اس پارک پر انتظامیہ کی توجہ مبذول نہیں ہوئی، یہاں سب کچھ پہلے سے بھی زیادہ خراب ہوتا جا رہا ہے اور برسات میں تو یہ پارک مچھروں کی ہیچری بن کر رہ جائے گا۔