فساد زدہ منی پور  کی پولیس نےراہول گاندھی کو دارالحکومت امپھال جانے سے کیوں روکا؟

29 Jun, 2023 | 01:41 PM

ویب ڈیسک: کانگرس کے لیڈر راہول گاندھی جمعرات، 29 جون کو منی پور کے اپنے دو روزہ دورے کے لیے امپھال کے نزدیک پہنچے تو ریاست کی پولیس نے انہیں سڑک پر روک لیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ راہول گاندھی کے امپھال جانے سے امن عامہ کو خطرہ ہو سکتا ہے۔

  دارالحکومت امپھال سے  20 کلومیٹر دور بِشنوپور میں راہول گاندھی کا قافلہ روکنے والی ریاستی پولیس نے دعویٰ کیا کہ امپھال کے راستے میں لوگ راہول گاندھی پر پتھراو کر سکتےہیں اس لئے انہیں آگے جانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

تاہم بعد میں  "اوپر  " سے ہدایات ملنے کے بعد  راہول گاندھی کو امپھال جانے کی اجازت دے دی گئی۔ جہاں وہ جمعرات اورر جمعہ کےروز ریلیف کیمپوں کا دورہ کریں گے اور ریاست میں کئی ہفتوں سے جاری تشدد سے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کریں گے۔

دو ماہ کے تشدد کے دوران دس ہزار سے زیادہ لوگ منی پور سے بھاگ کر دوسری ریاستوں میں پناہ لے چکے ہیں۔

بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے دو ماہ سے ایک بار بھی منی پور کے فسادات پر زبان نہیں کھولی۔ راہول گاندھی بھارت کی اپوزیشن کے پہلے نمایاں سیاستدان ہیں جو آج فساد زدہ شہر امپھال پہنچے ہیں۔

 امپھال میں کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ راہول گاندھی کے قافلے کو دارالحکومت سے تقریباً 20 کلومیٹر دور بشنو پور کے قریب پولیس نے روک لیا تھا۔

 کے سی وینوگوپال کے مطابق پولیس کا کہنا تھا کہ وہ ہمیں اجازت دینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔ راہل گاندھی کے استقبال کے لیے لوگ سڑک کے دونوں طرف کھڑے ہیں۔ ہم یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ انہوں نے ہمیں کیوں روکا۔  کانگرس کےرہنما نے کہا کہ راہول گاندھی کا دورہ صرف فساد سے متاثرہ لوگوں سے ملاقات کے لیے ہے۔ ہم نے تقریباً 25 کلومیٹر کا سفر کیا لیکن کہیں بھی روڈ بلاک نہیں تھا۔ راہول گاندھی گاڑی کے اندر بیٹھے ہیں۔ مجھے نہیں معلوم کہ مقامی پولیس کو کس نے ہدایت دی ہے،‘‘

دریں اثنا، پریس ٹرسٹ آفانڈیا نے ایک پولیس افسر کے حوالہ سے بتایا کہ 'احتیاطی' اقدام 'تشدد کے خوف' میں تھا۔ پولیس نے دعویٰ کیا کہ اُٹلو گاؤں کے قریب ہائی وے پر ٹائر جلائے گئے اور قافلے پر چند پتھر پھینکے گئے تھے اس لئے راہول گاندھی کو امپھال جانے سے روکنا پڑا۔۔

مزیدخبریں