چمن جیل سے خطرناک قیدی فرار

29 Jun, 2023 | 11:41 AM

چمن: قیدیوں کا اہلکاروں پر حملہ، سنگین مقدمات میں ملوث قیدی جیل سے فرار ہو گئے، قیدیوں کی فائرنگ سے ایک جیل محافظ زخمی ہوا جبکہ محافظوں کی جوابی فائرنگ سے ایک قیدی ہلاک ہو گیا۔

چمن جیل میں خطرناک قیدیوں نے جیل اہلکاروں پر حملہ کردیا، سنگین مقدمات میں قید17 قیدی  جیل محافظ سے اسلحہ چھین کر جیل سے فرار ہو گئے۔

پولیس کے مطابق قیدیوں نے نماز عید کیلئے بیرک سے نکلتے ہوئے جیل اہلکاروں پر حملہ کیا جس کے بعد اہلکار سے اسلحہ چھین کر فرار ہو گئے۔

جیل حکام کے مطابق قیدیوں نے مین گیٹ کے باہر کھڑے اہلکار سے کلاشنکوف چھین کر فائرنگ کر دی، فائرنگ سے ایک جیل اہلکار بھی زخمی ہو گیا۔

بیرک انچارج نے بتایا کہ بیرک نمبر4 میں 302 اور سنگین جرائم میں ملوث ملزمان قید تھے، بیرک نمبر4 کے قیدیوں کو نماز پڑھنے کیلئے نکالا تو سب نے بیک وقت حملہ کردیا۔

جیل کے گیٹ پر  جیل محافظوں کی جوابی فائرنگ سے ایک قیدی ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔

مفرور قیدیوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

مزیدخبریں