ندیم خان کی پی سی بی کے نئے ماڈل آئین پر بریفنگ

29 Jun, 2020 | 06:40 PM

Malik Sultan Awan

(حافظ شہباز علی) پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سابق ٹیسٹ کرکٹر ندیم خان نے کہا ہے کہ کلب کرکٹ کے نئے ماڈل آئین اور ڈومسیٹک کرکٹ کے نئے سیلری سٹرکچر سے پاکستان کرکٹ کے معیار میں بہتری آئے گی ، کرکٹرز کے معاشی حالات بہتر کرنے کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔
ویڈیو لنک کانفرنس کرتے ہوئے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کا کہنا تھا کہ کلب کرکٹ کے نئے ماڈل آئین سے کرکٹ کو تین درجوں میں تقسیم کیا ہے۔ کلب کے لیے لیول ون کوچ کی شرط رکھنے کا مقصد ملک میں گراس روٹ سطح سے کرکٹ کو ایک ہی طرز پر چلانا ہے۔


ندیم خان کا کہنا تھاکہ نئے سیلری سٹرکچر سے 80 فی صد کھلاڑیوں کے ماہانہ معاوضوں میں اضافہ ہوا ہے کھلاڑیوں کے معاشی حالات کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔ ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ دسمبر تک نیا کلب آئین نافذ العمل ہوجائے تاکہ معاملات آگے چل سکیں۔

یاد رہے اس سے قبل  پی سی بی گورننگ بورڈ  نےآئندہ مالی سال کے لیے دس فیصد بجٹ کی کمی جبکہ پی ایس ایل سکس کے لئے پشاور کو پانچویں سنٹر کی منظوری دے دی۔چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے ویڈیو لنک کے ذریعے گورننگ بورڈ اجلاس کی صدارت کی. پی سی بی نے کفایت شعاری مہم کے تحت بجٹ میں دس فی صد کمی کی منظوری دی جبکہ کلب کرکٹ کی بحالی کے لئے نئے ماڈل کلب آئین کی منظوری دی اور ڈومیسٹک کرکٹ میں کھلاڑیوں کی میچ فیس اور معاوضوں میں اضافہ کردیا گیا جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ کے لئے کھلاڑیوں کو پانچ کیٹیگریز میں معاہدے دینے کی منظوری دی گئی۔ 

پی ایس ایل سکس کے لئے پشاور کو پانچواں سنٹر بنانے کی بھی منظوری دی گئی جبکہ آئندہ برس فروری مارچ میں پی ایس ایل کرانے کا بھی فیصلہ کیا جبکہ لیگ کے معاملات چلانے کے لئے پانچ رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔

مزیدخبریں