ڈالر مہنگا ہوگیا

29 Jun, 2020 | 06:17 PM

Arslan Sheikh

( حسن علی ) کاروباری ہفتے کے پہلے روز کے اختتام پر انٹر بنک میں ڈالر کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور انٹر بنک میں ڈالر 52 پیسے مہنگا ہوگیا۔

کاروباری دن کے آغاز سے انٹر بنک میں ڈالر کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا جو اختتام تک جاری رہا اور کاروباری دن کے اختتام پر انٹر بنک میں ڈالر 52 پیسے اضافے کے بعد 168 روپے 18 پیسے پر بند ہوا۔ فاریکس ڈیلرز کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر حکومت نے ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت کا نوٹس نہ لیا تو ڈالر کی قیمت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے جس سے مہنگائی میں بھی اضافہ ہوگا۔

دوسری جانب فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس کے ریجنل چیئرمین ڈاکٹر محمد ارشد کا کہنا ہے کہ حکومت ڈالر کی قیمت مستحکم رکھے تاکہ ملکی معیشت میں بہتری آ سکے۔

فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ریجنل چیئرمین ڈاکٹر محمد ارشد نے سٹی فورٹی ٹو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈالر کی قیمت مستحکم نہ ہونے کے اثرات ملکی معیشت پر مرتب ہو رہے ہیں جبکہ ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاؤ کے باعث ایکسپورٹرز اور ایمپورٹرز دونوں متاثر ہو رہے ہیں کیونکہ اس سے خام مال کی قیمت میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور مہنگائی بڑھ رہی ہے۔

انکا مزید کہنا تھا کہ ڈالر کی قیمت کو مستحکم کیا جائے اور روپے کی قدر میں اضافہ کیا جائے تاکہ ملکی معیشت میں بہتری کے ساتھ ساتھ مہنگائی میں بھی کمی واقع ہو سکے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث عالمی سطح پر تجارت متاثر ہوکر رہ گئی ہے۔ عالمی بینک کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے سبب تیز گراوٹ کے نتیجے میں ترسیلات زر میں کمی کا امکان ہے۔ عالمی بینک کے مطابق اجرت، ملازمت میں کمی کے باعث تیز گراوٹ ہوگی۔  

مزیدخبریں