(قیصر کھوکھر)حکومت پنجاب نے ایک بار پھر دو ڈی آئی جیز کےتبادلے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سی پی او گوجرانوالہ ڈی آئی جی گوہر مشتاق بھٹہ کا تبادلہ کیا گیا،گوہر مشتاق بھٹہ کوکمانڈنٹ پولیس ٹریننگ سکول ملتان تعینات کر دیا گیاجبکہ ڈی آئی جی رائے بابر سعید کو گوہر مشتاق بھٹہ کی جگہ سی پی او گوجرانوالہ تعینات کر دیا گیا ہے،محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نےتبادلے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔
قبل ازیں محکمہ داخلہ پنجاب نے دو ڈی آئی جیز کے تبادلے کی سمری وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو ارسال کی تھی، محکمہ داخلہ پنجاب نے سینئر پولیس افسر محسن رفیق کو ڈی آئی جی جیل خانہ جات ملتان لگانے کی تجویز دی تھی جبکہ محسن رفیق کو ڈی آئی جی جیل خانہ جات ڈیرہ غازی خان کا اضافی چارج بھی دیاکی تجویز دی گئی تھی۔اس حوالے سے محکمہ داخلہ پنجاب نےوزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو سینئر پولیس افسر رانا رؤف کو ڈی آئی جی بہاولپور لگانے کی تجویزارسال کی تھی۔
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے ضلعی عدالتوں کے 14 ججز کے تبادلے کردیئے، تبدیل ہونیوالوں میں 2 سیشن، 5 ایڈیشنل سیشن اور 7 سول ججز شامل ہیں، دو سیشن ججز کو بینکنگ جرائم کورٹ تعیناتی کے لئے انکی خدمات وفاقی حکومت کے سپرد کردیں۔ تبدیل ہونیوالے تمام ججز کو 20 جون تک نئی تعیناتی کا چارج دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تقرری کے منتظر ملک علی ذوالقرنین کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لیہ تعینات کیا گیا ہے جبکہ ان کے پیش رو سیشن جج کو مزید تقرری کے لئے لاہور ہائیکورٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج نجیب شہزاد کا فیصل آباد سے روالپنڈی تبادلہ کیا گیا۔ اس طرح ایڈیشنل سیشن جج اشفاق احمد کا راولپنڈی سے فیصل آباد، ایڈیشنل سیشن جج مس ثمینہ اعجاز کا گوجرانوالہ سے میانوالی جبکہ محمد حسین کا تونسہ شریف سے ملتان تبادلہ کردیا گیا۔