گانا چوری کا الزام: راحت فتح کا سعدیہ امام کیخلاف عدالت جانیکا فیصلہ

29 Jun, 2019 | 06:25 PM

Shazia Bashir

سٹی42: معروف ٹی وی اداکارہ و میزبان سعدیہ امام  کی جانب سے لگائے جانے والے گانے کی چوری کے الزامات کے جواب میں راحت فتح علی خان نے معاملے کو عدالت لے جانے کا عندیہ دیا ہے۔

اس حوالے سے جب راحت فتح علی خان کی بزنس انتظامیہ سے بات کی گئی تو خان کے بزنس ڈائریکٹر سلمان احمد نے بتایا کہ جب پوری دنیا راحت فتح علی خان کو آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی ڈگری ملنے کا جشن منارہی تھی اس وقت سعدیہ امام اتنے برس گزرنے کے بعد یہ سب کہہ رہی تھیں۔ سلمان احمد نے مزید کہا  اگر ضرورت پڑی تو ہم یہ معاملہ عدالت لے کر جائیں گے اور اگرسعدیہ امام اپنے دعوے پر قائم رہیں کہ ان تمام گانوں کی شاعری انہوں نے لکھی ہے تو انہیں اس بات کے ثبوت فراہم کرنے ہوں گے۔

واضح رہے اداکارہ سعدیہ امام نے ایک ٹی وی شومیں انکشاف کیا تھا کہ راحت فتح علی خان کاگایا ہوا بالی وڈ فلم کلیوگ کا مقبول ترین گیت جیا دھڑک دھڑک جائے کے بول دراصل انہوں نے لکھے تھے لیکن افسوس کی بات ہے کہ انہیں اس گانے کی شاعری کا کریڈٹ نہیں دیا گیا۔صرف یہی گیت نہیں بلکہ سعدیہ امام نے کہا کہ فلم لائف ان اے میٹرو کے لیے راحت فتح علی خان کا گایا ہوا ایک اور’گیت زندگی سفر میں ہے کٹ رہا ہے راستہ ‘کی شاعری بھی سعدیہ نے ہی لکھی تھی لیکن بدقسمتی سے اس گانے میں بھی ان کا نام کہیں شامل نہیں۔

سعدیہ امام نے کہا وہ اورراحت فتح علی خان بہت اچھے دوست ہیں اورانہوں نے اس بارے میں کبھی اس لیے بات نہیں کی کیونکہ وہ اپنے گانے بطور دوست راحت فتح علی خان کو دے چکی تھیں۔ تاہم یہ ان کی اخلاقیات تھی کہ وہ ان گانوں کا کریڈٹ مجھے دیتے لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔

مزیدخبریں