(راؤ دلشاد حسین ) میٹروپولیٹن کارپوریشن نے مون سون سیزن میں تہہ خانے(بیسمنٹ) کی تعمیر کرنے پر پابندی لگادی، ایم سی ایل کنٹرولڈ ایریاز میں بیسمنٹ کی تعمیر پرزونل آفیسر پلاننگ کے خلاف کارروائی ہوگی۔
ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن و کمشنر لاہور ڈویثرن ڈاکٹر مجتبی پراچہ نے شہر میں کمرشل و رہائشی عمارتوں کے لیے بیسمنٹ کی تعمیر پر پابندی کے فیصلے پر عملدرآمد کی ہدایت کردی، اندرون شہر اور کارپوریشن کے کنٹرولڈ ایریاز میں بیسمنٹ کی تعمیر پر فوری ایکشن کے لیے اسپیشل سکواڈ تشکیل دیا جائے گا۔
میٹروپولیٹن کارپوریشن نے والڈ سٹی اتھارٹی اور زونل افسران پلاننگ کو بیسمنٹ کی تعمیر پرپابندی کے احکامات پر عملدرآمد کےلیے مراسلہ جاری کردیا، جس کے مطابق اندرون شہر اورایم سی ایل کنٹرولڈ ایریاز میں بیسمنٹ کی تعمیر ہر صورت روکی جائے، بیسمنٹ کی تعمیر رکوانے میں ناکامی پر متعلقہ زونل پلاننگ آفیسر ذمہ دار ہوگا اور پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا سامنا کرے گا۔
ایم سی ایل کےشعبہ پلاننگ کےمطابق راوی زون،علامہ اقبال زون، داتا گنج بخش، گلبرگ زون، شالامار، نشتر زون اورسمن آباد زون سرفہرست ہیں، تاہم بیسمنٹ کی تعمیر سےمتعلق رپورٹ دینے کے لیے دوسری مرتبہ مراسلہ جاری کیا گیا۔
ایم سی ایل کے نو زونزسمیت والڈ سٹی اتھارٹی کو بھی مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن سے شوکاز نوٹسزجاری کرنے بارے اجازت لی جائے گی۔