ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

خطِ غربت سے نیچے زندہ رہنے کی جدوجہد میں پھنسے عوام کیلئے اچھی خبر

Benazir Incole Support Program, BISP, President Asif Zardari, City42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: خطِ غربت سے نیچے زندگی گزارنے کی جدوجہد کرنے والے پاکستانیوں کے لئے اچھی خبر یہ ہے کہ صدر آصف علی زرداری نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام  کا دائرہ کار بڑھا کر اس سے فائدہ اٹھانے والوں کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کر دی ہے۔

 صدر آصف علی زرداری کو چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد نے بریفنگ دی۔صدر مملکت کو بے نظیر کفالت ، تعلیمی وظائف ، اسکالرشپس برائے انڈر گریجویٹ اور نشو نما پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

صدر آصف علی زرداری نے بریفنگ کے بعد ہدایت کی کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دائرہ کار  کو مزید بڑھانا ہوگا،  پسماندہ طبقات کی فلاح کیلئے پروگرام کے مستفیض افراد کی تعداد بڑھائیں۔

  صدر مملکت نے بے نظیر انکم اسپورٹ پروگرام کا گوادر میں بھی دفتر قائم کرنے کی  ہدایت کی۔

صدر آصف زرداری نے بینکوں کی جانب سے بے نظیر کارڈ ہولڈرز سے 0.45 فیصد سروس چارجز  کٹوتی پر ناپسندیدگی ظاہر کرتے ہوئے پروگرام کی سربراہ روبینہ خالد کو ہدایت کی کہ  غریب ترین شہریوں کو معمولی سہولت دینے کے عوض سروس چارجز  لینے کا سلسلہ ختم کرنے کیلئے اسٹیٹ بینک سے رابطہ کیا جائے۔

 صدر مملکت نے ہدایت کی کہ  بینکوں سے بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام کے تمام مستحقین کے اکاؤنٹ کھولنے کو  کہا جائے ۔ ادائیگی کے جدید نظام سے پروگرام کے مستفیض افراد کو استحصال سے بچائے  جاسکے گا۔ 

صدر مملکت نے زیادہ سے زیادہ مستحق طلباء کو وظائف  کی فراہمی  کیلئے ڈونرز اور پرائیویٹ سیکٹر  کی ا س پروگرام میں شمولیت پر زور دیا۔ 

روبینہ خالد نے صدر مملکت کو بریفنگ میں بتایا کہ رواں مالی سال کے دوران انکم اسپورٹ پروگرام کیلئے 598.718 ارب روپے مختص کیے گئے۔  بے نظیر کفالت  پروگرام فلیگ شپ پروگرام ہے۔ کفالت پروگرام کے تحت پاکستان بھر میں اہل خواتین اور خواجہ سراؤں کو غیر مشروط نقد رقم فراہم کی جارہی ہے۔

بے نظیر کفالت پروگرام کیلئے مالی سال 2024-25 کے دوران 93 لاکھ اہل خاندانوں کے لیے 461 ارب روپے مختص کیے گئے ۔ سکولوں میں داخلے بڑھانے ، کم آمدنی والے گھرانوں کے بچوں کو تعلیم کی فراہمی کیلئے 77.18 ارب روپے مختص کیے گئے ۔

بے نظیر تعلیمی وظائف پروگرام سے 97 لاکھ بچے مستفید ہو سکیں گے۔ اسکالرشپس برائے انڈر گریجویٹ پروگرام کے تحت 10 ہزار طلباء کو وظائف کی فراہمی کیلئے 1.7 ارب روپے مختص کیے گئے۔

غذائیت کی کمی اور نشوونماکے مسائل سے نمٹنے کیلئے 20 لاکھ حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین اور انکے شیر خوار بچوں کو خصوصی خوراک بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

2022 میں سیلاب کے دوران، بے نظیر انکم اسپورٹ پروگرام نے پاکستان بھر میں سیلاب سے متاثرہ 27 لاکھ خاندانوں میں 70 ارب روپے تقسیم کیے۔

صدر مملکت نے معاشرے کے مستحق اور پسماندہ طبقے کو مالی  ریلیف فراہم کرنے پر بے نظیر انکم اسپورٹ پروگرام کو سراہا۔