اشرف خان:عوام کے لئے اچھی خبر، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث پاکستان میں بھی ریلیف کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق یکم اگست سے پیٹرولیم مصنوعات 11 روپے فی لیٹر تک سستی ہونے کا امکان ہے۔ پیٹرول کی فی لیٹر میں 5 روپے 50 پیسے تک کمی کا امکان ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر میں 11روپے تک کمی متوقع ہے۔ اسی طرح یکم اگست سے مٹی کا تیل 5 روپے 84 پیسے اور لائیٹ ڈیزل 5 روپے فی لیٹر تک سستا ہونے کا امکان ہے۔
اس وقت پیٹرول کی قیمت 275 روپے 60 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 284 روپے فی لیٹر ہے۔حکومت نے 15 جولائی کو پیٹرول کی قیمت میں 9 روپے 99 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔ذرائع کے مطابق منظوری کے بعد ایک لیٹر پیٹرول 275.60 روپے سے کم ہوکر 270.10 روپے جبکہ ایک لیٹر ہائی اسپیڈ ڈیزل 11 روپے سستا ہوجائے گا۔ ایک لیٹر ہائی اسپیڈ ڈیزل 283.63 روپے سے کم ہوکر 272.57 روپے کا ہوجائے گا جبکہ ایک لیٹر مٹی کا تیل 5 روپے 84 پیسے سستا کرنے کی تجویز ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر پیٹرولیم لیوی برقرار رہی تو عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کا ریلف نہیں مل سکے گا. پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے فیصلے کے بعد اطلاق یکم اگست سے 15 روز کے لئے ہوگا ۔
یاد رہے کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران عالمی مارکیٹ میں کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے، امکان ہے کہ عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی کا ریلیف عوام تک پہنچایا جائے گا۔ امریکی خام تیل دو ہفتوں میں 3.71 فیصد سستا ہوکر 80.13 ڈالر سے کم ہوکر 77.50 ڈالر گی بیرل تک گرگیا ہےجبکہ بینچ مارک لندن برینٹ آئل 2.70 فیصد سستا ہونے سے 82.63 ڈالر سے کم ہوکر 80.50 ڈالر فی بیرل تک گرگیا ہے۔