مریم نواز سے برٹش ہائی کمشنر کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

29 Jul, 2024 | 01:26 PM

راؤ دلشاد:  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے پاکستان میں تعینات برٹش ہائی کمشنر جین میری ایٹ نے ملاقات کی جس میں باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق ہوا، وزیراعلی مریم نواز نے پنجاب میں پہلے ویمن ورچوئل پولیس سٹیشن اور چائلڈ سیفٹی ورچوئل سنٹر کے قیام سے برطانوی ہائی کمشنر کو آگاہ کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ خواتین اور بچوں کی حفاظت کیلئے تمام تر ممکنہ اقدامات کر رہے ہیں، پنجاب میں 14اگست سے سولرائزیشن پراجیکٹ کا آغاز کر دیا جائے گا، عوام کو معاشی ریلیف کیلئے سولر پینل مہیا کررہے ہیں، سولر پراجیکٹ میں برطانوی کمپنیوں کا خیر مقدم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سولر پینل پراجیکٹ کی بڈنگ میں شفافیت اور میرٹ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، پنجاب میں ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات کیے جارہے ہیں، پنجاب کو جنوبی ایشیاء کا سب سے بڑا ڈیجیٹل حب بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔

برطانوی ہائی کمشنرجین میری ایٹ نے پنجاب میں سکھ میرج ایکٹ کے نفاذ کو سراہا اور چائلڈ میرج بل کو قابل تقلید اقدام قرار دیا۔

جین میری ایٹ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اقلیتوں کے تحفظ کے حوالے سے حکومتی اقدامات قابل تحسین ہیں، خواتین اور بچوں کے حوالے سے حکومت پنجاب منفرد اقدامات کررہی ہے۔

وزیراعلی مریم نواز نے پنجاب میں فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس کی فلاحی خدمات کو بھی سراہا۔

سینیٹر پرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، ایڈیشنل سیکرٹری سارہ حیات اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے، برٹش ہائی کمیشن لاہور آفس کی سربراہ کلاراسٹرینڈ ہوج اور دیگر سفارتی حکام بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔
 

مزیدخبریں