جمال الدین جمالی: اینٹی کرپشن عدالت پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی و دیگر پر آج بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔
چودھری پرویز الہٰی بیماری کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوئے جبکہ ان کے وکلاء کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی، پی ٹی آئی رہنما کا میڈیکل سرٹیفکیٹ اینٹی کرپشن کورٹ میں پیش کیا گیا۔
میڈیکل رپورٹ کے مطابق ڈاکٹرز نے پرویز الہٰی کو لمبا سفر کرنے سے روک رکھا ہے، سابق وزیراعلیٰ کی پسلی کا فریکچر ابھی ٹھیک نہیں ہوا، فریکچر کی جگہ انفیکشن ہو گیا ہے۔
عدالت کا پرویز الہی کے پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ آخری موقع ہے آئندہ سماعت پر ملزم عدالت میں پیش ہو ں تاہم عدالت نے پرویز الہی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 4ستمبر تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ عدالت نے آج چودھری پرویز الہٰی اور شریک ملزم محمد خان بھٹی سمیت دیگر کو فرد جرم عائد کرنے کیلئے طلب کر رکھا تھا۔