مانیٹرنگ ڈیسک: ملک بھر میں یوم عاشور آج عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے، وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اس موقع پر قوم کے نام خصوصی پیغام جاری کیا ۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یوم عاشور ،دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے گہری تاریخی اور روحانی اہمیت رکھتا ہے، حضرت امام حسین نے اصحاب اور اہل بیت کے ساتھ کربلا کی جنگ میں ظلم،جبر اور نا انصافی کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ حضرت امام حسین کی قربانی ہمیں غیر متز لزل ایمان،راست بازی اور انصاف کے حصول کا انمول سبق سکھاتی ہے، ان کی قربانی کسی خاص وقت یا مقام تک محدود نہیں تھی۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ظلم و جبر کے خلاف کھڑا ہونا ایک مسلمان کا اخلاقی فرض ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہمیں حضرت امام حسین کی قربانی سے سبق حاصل کرنا چاہیے، مقاصد کے حصول کی راہ میں جو رکاوٹیں حائل ہوتی ہیں انہیں ثابت قدمی سے دور کیا جاسکتا ہے،اللہ تعالی ہماری قوم اور امت مسلمہ پر رحم فرمائے اور اللہ تعالی ہمیں اسلام کی تعلیمات اور حضرت امام حسین کی عظیم میراث پر ثابت قدم رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔
دوسری جانب صدر مملکت عارف علوی نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ عاشورہ محرم اسلامی تاریخ میں بہت اہمیت رکھتا ہے، یوم عاشور عظیم تر مقصد کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا درس دیتا ہے۔ شہادت امام حسین کا فلسفہ ظلم و جبر کے خلاف ہر قیمت پر ڈٹ جاناہے۔