سعودی عرب کے شہزادہ انتقال کرگئے

29 Jul, 2023 | 10:19 AM

مانیٹرنگ ڈیسک: سعودی عرب کے شہزادہ ڈاکٹر ترکی بن محمد بن سعود الکبیر آل سعود انتقال کرگئے، سعودی ایوان شاہی نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے نماز جنازہ کا اعلان کردیا۔

اس حوالے سے سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی ایوان شاہی نے کہا ہے کہ شہزادہ ڈاکٹر ترکی بن محمد بن سعود الکبیر آل سعود جو شاہی مشیر تھے جمعے کو انتقال کرگئے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسیی ایس پی اے کے مطابق ایوان شاہی سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مرحوم کی نماز جنازہ سنیچر 29 جولائی کو ریاض کی امام ترکی بن عبداللہ مسجد میں بعد نمازعصر ادا کی جائے گی۔

یاد رہے کہ شہزادہ ترکی بن محمد ریاض میں پیدا ہوئے۔ کنگ سعود یونیورسٹی ریاض سے 1974 میں سیاسیات میں گریجویشن کیا۔ شہزادہ ترکی بن محمد کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے 7 مئی 2016کو اپنا مشیر تعینات کیا تھا۔

انہوں نے سال 1978میں برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی سے معاشیات میں ایم فل کیا اور 1982 کے دوران لندن یونیورسٹی سے سیاسیات میں پی ایچ ڈی حاصل کی تھی۔

شہزادہ ترکی بن محمد نے آٹھ برس تک کنگ سعود یونیورسٹی ریاض میں سیاسیات کے پروفیسر کی حیثیت سے کام کیا پھر 1983 میں دفتر خارجہ میں مغربی ادارے کے ڈپٹی چیئرمین کے طور پر کام کرتے رہے۔

وہ ریاض میں ڈپلومیٹک اسٹیڈیز انسٹی ٹیوٹ کے پروفیسر بھی رہے۔1994 میں وزارت خارجہ میں بین الاقوامی تنظیموں کے اعلیٰ ادارے کا سربراہ بدرجہ سفیر مقرر کیا گیا تھا۔

مزیدخبریں