نیب قوانین پر اپوزیشن کو کسی صورت این آر او نہیں دیں گے، شبلی فراز

29 Jul, 2020 | 11:10 PM

Arslan Sheikh

( قذافی بٹ ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ ایف اے ٹی ایف اور نیب قوانین پر اپوزیشن کو کسی صورت این آر او نہیں دیں گے وزیراعظم عمران خان مائنس ہیں تو پھر پوری پی ٹی آئی بھی مائنس ہے، حکومت چلی جائے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کرینگے۔

وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز نے سندس فاؤنڈیشن کا دورہ کیا۔ وفاقی وزیر نے سندس فاؤنڈیشن میں زیرعلاج تھلیسیمیا کے بچوں سے ملاقات کی اور ان میں عید گفٹ تقسیم کیئے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ مجرمان ہمیں ڈکٹیٹ نہ کریں ایف اے ٹی ایف کو جواز بنا کر نیب سے ریلیف لینےکی کوششیں ناکام ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جتنی مرضی اے پی سی بلا لیں ان کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔

مائنس ون کے سوال پر انہوں نے کہا کہ خان نہیں تو کوئی بھی نہیں، پارلیمنٹ میں وطن سے محبت کرنیوالوں کی اکثریت ہے، ایف اے ٹی ایف کا بل ہر صورت پاس کرائیں گے۔ شبلی فراز نے کورونا کے خلاف کامیابی کو حکومت کی بہتر حکمت عملی سے تعبیر کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا کہ سیاسی یتیم پاکستان کی سیاست سے آؤٹ ہوچکے ہیں، اپوزیشن کا بیانیہ پِٹ چکا،عوام کو پٹے ہوئے مہروں سے کوئی دلچسپی نہیں، سابق حکمرانو ں کی لوٹ مار نے معیشت کا بیڑا غرق کیا۔

مزیدخبریں