شادی کی پہلی رات دلہن کی موت، معمہ حل ہوگیا

29 Jul, 2020 | 06:53 PM

Arslan Sheikh

( عرفان ملک ) شادی کی پہلی رات دلہن کی پراسرار موت کا معمہ حل ہوگیا، سات ماہ بعد آنے والی فرانزک رپورٹ کے بعد ملزم دلہا کو گرفتار کرلیا۔

ہمارے ملک میں عورت کو ایسے مرد سے شادی نہ کرنے کی سزا دی جاتی ہے جسے وہ چاہتی نہ ہو یا پھر شوہر اپنی بیوی کے خاندان والوں سے ذاتی رنجش رکھتا ہو۔ لیکن عورت پھر بھی خاوند کی ہاں میں ہاں ملا کر زندگی گزارنے کی کوشش کرتی ہے۔ لاہور کے علاقے فیکٹری ایریا میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں سات ماہ قبل دلہن سویرا کی لاش کمرے سے ملی جبکہ شوہر بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا۔ سسرالیوں نے واقعہ کوئلوں کی انگیٹھی سے گیس بھرجانے کے باعث حادثہ قرار دیدیا۔

فرانزک رپورٹ میں سویرا کے سینے اور جسم کے دیگر اعضاء پر تشدد کی تصدیق ہوگئی جبکہ پھیپھڑوں سے امونیا گیس کے نمونے بھی ملے ہیں۔ تفتیشی افسران کے مطابق واقعہ قتل ثابت ہوا ہے۔ پولیس نے شوہر آصف کو گرفتار کرلیا ہے لیکن قتل کی وجوہات جاننے کے لیے تفتیش ابھی جاری ہے۔

یاد رہے لاہور میں ایسے واقعات پہلے بھی رونما ہوچکے ہیں، جب ایک نوجوان دلہے کو شادی کے صرف تین دن بعد اپنی دلہن کے قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔ مبینہ قاتل ایک دوسری خاتون میں دلچسپی رکھتا تھا اور اس نے مقتولہ سے شادی خاندانی دباؤ کے باعث کی تھی۔ 

مزیدخبریں