پاکستان نے بھارت پر اپنی دھاک بٹھا دی

29 Jul, 2020 | 10:50 AM

Azhar Thiraj

سٹی 42: الخالد 1ٹینک کو پاک فوج میں شامل کرکے پاکستان نے دشمن پر اپنی دھاک بٹھادی ہے۔یہ ٹینک پاکستان کی دفاعی خود انحصاری اور پاک چائنہ دوستی کی عظیم مثال ہے۔ الخالد 1ٹینک پاکستان کا مین بیٹل ٹینک ہے جوفائر پاور، موبیلٹی اور دہشت ، فیصلہ کُن حربی فورس کا حامل گردانا جاتا ہے ۔ الخالد 1ٹینک، گزشتہ روز آرمرڈ کور رجمنٹ کے حوالے کر دیا گیا۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا ( ایچ آئی ٹی) کا دورہ کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کسی بھی اشتعال انگیزی کی صورت میں پوری قوت سے جواب دیں گے۔ہماری آپریشنل تیاریاں امن کو یقینی بنانے کے لیے ہیں اورکسی بھی اشتعال انگیزی کی صورت میں پوری طاقت سے جواب دیں گے۔



آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف الخالد ٹینک، آرمرڈ کور رجمنٹ سے متعلق تقریب کے مہمان خصوصی تھے اور تقریب کے دوران الخالد ٹینک کی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ بھی پیش کیا گیا۔ الخالد ٹینک چین اور یوکرین کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے اور الخالد ٹینک ان فارمیشنزکے حوالے کیا جائے گا جن کا جنگ میں فیصلہ کن کردار ہوتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ہتھیاروں کی تیاری میں ایچ آئی ٹی کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ موجودہ سیکیورٹی ماحول میں مقامی سطح پر ہتھیاروں کی تیاری ناگزیر ہے۔

 خیال رہے کہ ماضی میں آرمرڈ کور رجمنٹ نے دُشمن کے خلاف ہمیشہ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ چونڈہ کا محاذ آج بھی دُشمن کو یاد ہے جہاں جنگِ عظیم دوئم کے بعد ٹینکوں کی سب سے بڑی لڑائی لڑی گئی۔ چونڈہ کو انڈین ٹینکوں کا قبرستان بھی کہا جاتا ہے ۔ جہاں نہ صرف1965ء کی جنگ میں پاکستان نے دُشمن کے عزائم کو ناکام بنا یا بلکہ زبردست جانی و مالی نقصان بھی پہنچایا،جس کا اعتراف دُنیا نے کیا۔

بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے 1948  میں  تیسری آرمرڈ بریگیڈ سے خطاب کرتے ہوئے ان الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا تھا۔انکا کہنا تھا کیولری ہر قوم کی ایک ایلیٹ فورس جانی جاتی ہے ۔ اگرچہ آپ کی سواری گھوڑوں سے ٹینکوں کی شکل اختیار کر چکی ہے ، لیکن آپ کا حوصلہ، آپ کا اعتماد اور آپ کی بہادری جوکہ ایک سوار کی بنیادی پہچان ہے ۔ آپ کے لیے رہنما اُصو ل رہنے چاہئیں۔ الخالد 1 ٹینک ڈرائیو ڈیجیٹل پینل ،تھرملImaging اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے ۔یہ ٹینک دن اور رات میں لڑنے کی صلاحیت رکھنے کے علاوہ نیوکلیئر، بائیولوجیکل اور کیمیکل حملے کے خلاف اپنا مؤثر دفاع کرنے کی اہلیت بھی رکھتا ہے ۔

مزیدخبریں