پٹرول نرخوں کا تعین 15روز بعد ہوگا، بحران پر انکوائری کمیشن کی منظوری

29 Jul, 2020 | 09:49 AM

Sughra Afzal

 (مانیٹرنگ ڈیسک ) اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 15 روز بعد تبدیل کرنے کی تجویز منظور کرلی گئی۔

 

مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پیٹرولیم ڈویژن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 15 روز بعد تبدیل کرنے کی تجویز منظورکرلی جب کہ آئندہ ماہ کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی غور کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ای سی سی 3 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کی بھی منظوری دے دی، چینی کی درآمد ٹی سی پی کے ذریعے کی جائے گی۔

دریں اثناء  وفاقی کابینہ نے پیٹرول کی قلت کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن کے قیام کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے پیٹرول کی قلت کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن کے قیام کی منظوری دے دی۔

اجلاس میں پی آئی اے کے چارٹر لائسنس اور ایریل ورک کی تجدید کی بھی منظوری دے دی گئی۔ وفاقی کابینہ کو معاشی اعشاریوں سے متعلق بریفنگ دی گئی اور ادارہ جاتی اصلاحات سے متعلق پیشرفت رپورٹ پیش کی گئی۔

اجلاس میں واپڈا چیئرمین و ارکان کی تقرریوں کیلئے قواعد وضوابط کا معاملہ موخر کردیا گیا جبکہ یونیورسل سروس فنڈ کمپنی کیسی ای او کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔

کابینہ نے اسلام آباد میں گھروں میں کام کرنے والے ملازمین کے تحفظ کا بل بھی منظور کرلیا اور ای سی سی کے 22 جولائی کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کردی۔

وفاقی کابینہ نے نیوی سیلنگ کلب سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پر غور کیا۔ اس حوالے سے یہ رائے سامنے آئی کہ اس معاملے پر قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے، قانون کا سب پر یکساں اطلاق ہوگا،  نیوی سیلنگ کلب سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہیں.

مزیدخبریں