لبنان سے اسرائیل کے انخلا کی ڈیڈ لائن میں توسیع

29 Jan, 2025 | 11:22 PM

Waseem Azmet

سٹی42:  وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا ہے کہ  لبنان سے اسرائیل کی فوج  IDF کے انخلا کی آخری تاریخ 18 فروری تک بڑھا دی گئی۔
اسرائیل کی فوج جنوبی لبنان میں سرحدی علاقوں تک محدود ہے، فرانس، امریکہ اور اتحادی میڈی ایٹرز کے ذریعہ طے پانے والے جنگ بندی معاہدہ کے مطابق اسرائیل کو جنوبی لبنان سے اپنی فوج اور حزب اللہ کو اس علاقہ سے اپنے تمام جنگجو اور جنگی ساز و سامان جنگ بندی کے روز سے ساٹھ دن کے اندر ہٹانا تھے۔  اسرائیل نے یہ کہتے ہوئے ڈیڈ لائن کی تعمیل کرنے سے انکار کر دیا تھا کہ حزب اللہ اب تک اس علاقہ میں موجود ہے۔ 

اسرائیلی فوج نے 25 جنوری  ہفتے کے روز سرحد کے قریب درجنوں لبنانی دیہات کے مکینوں کو خبردار کیاتھا کہ وہ  ابھی اپنے گاؤں میں واپس نہ جائیں، یہ وارننگ اس اعلان کے ایک دن بعد آئی تھی  جب اسرائیل نے کہا کہ اس کی افواج اتوار کی مقررہ تاریخ کے بعد بھی جنوبی لبنان میں موجود رہیں گی۔

ان دیہاتوں کی فہرست بناتے ہوئے جو  پہلے اعلان کردہ ٹائم ٹیبل کے مطابق واپس اپنے دیہات میں نہیں جا سکتے، IDF کے عربی زبان کے ترجمان Avichay Adraee نے کہا تھا: "IDF آپ کو نشانہ بنانے کا ارادہ نہیں رکھتی ہے اور اس لیے اس مرحلے پر آپ کو  نئی اطلاع تک اپنے گھروں کو واپس جانے سے منع کیا گیا ہے۔ جو بھی اس لکیر کے جنوب میں جائے گا وہ اپنے آپ کو خطرے میں ڈالے گا۔


اب وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل کے لیے لبنان سے انخلاء کی آخری تاریخ اتوار سے بڑھا کر 18 فروری کر دی گئی ہے۔

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ "حکومت لبنان، حکومت اسرائیل اور ریاست ہائے متحدہ امریکہ بھی 7 اکتوبر 2023 کے بعد گرفتار کیے گئے لبنانی قیدیوں کی واپسی کے لیے بات چیت شروع کریں گے۔"

اسرائیل کے لبنان سے انخلا کے معاملہ پر فرانس اور لبنان کی طرف سے اب تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ 

مزیدخبریں