سٹی42: شمالی غزہ میں دہشتگردوں کے داخلہ کو روکنے کے لئے مصر اور امریکہ کے ٹھیکیدار گاڑیوں میں اسلحہ کی موجودگی کا پتہ لگانے کے لئے تلاشیاں لینے پر مامور ہیں۔ اس انتظام کےسوا شمالی غزہ میں دہشتگردوں کی آمد روکنے کا کوئی انتظام سامنے نہیں آیا۔
ایک مصری اہلکا ر نے بتایا ہے کہ مصری کنٹریکٹرز، ایک امریکی فرم کے ساتھ مل کر چیک پوائنٹس چلا رہے ہیں جو صلاح الدین روڈ کے ذریعے شمالی غزہ جانے والی گاڑیوں کا معائنہ کرتے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ کوئی مسلح دہشت گرد اس راستے پر سفر نہ کرے۔
گاڑیوں کی تلاشی پر مامور یہ ٹھیکیدار مصری-قطری کمیٹی کا حصہ ہیں جو جنگ بندی پر عمل درآمد کر رہی ہے۔
ایک اسرائیلی اہلکار نے بتایا کہ معائنہ آج شروع ہوا اور یہ دوحہ مذاکرات کے دوران وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کا ایک اہم مطالبہ تھا۔
اہلکار نے بتایا کہ گاڑیوں کی چوکی کو شمالی غزہ کی طرف بھاری ہتھیاروں کی ترسیل کو روکنے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے۔
اسرائیلی اہلکار نے معائنہ کرنے والی ٹیم کو "ملٹی نیشنل" کے طور پر بیان کیا، لیکن اس میں ایک نجی امریکی سیکیورٹی فرم کو شامل کرنے کے سوا کوئی مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔
اہلکار نے بتایا کہ اسرائیل جنگ بندی کی شرائط کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائی جاری رکھے گا۔
ایکس رے سرچ
عرب میڈیا نے بتایا کہ شمالی غزہ میں لوٹنے والے فلسطینیوں کی گاڑیوں کی نتزریم کوریڈور پر ایکس رے کے ذریعے تلاشی جاری ہے۔
غزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت شمالی غزہ لوٹنے والی گاڑیوں کو صرف شاہراہ صلاح الدین کے ذریعے جانے کی اجازت تھی۔
شاہراہ صلاح الدین پر نتزریم کوریڈور پر ایک بڑا برقی دروازہ نصب ہے جہاں ایکس رے کے ذریعے گاڑیوں کی تلاشی لی جارہی ہے۔مصر اور قطر کے کنٹریکٹرز اس گزرگاہ کا انتظام سنبھالے ہوئے ہیں جبکہ امریکی اہلکار بھی یہاں موجود ہیں۔
گزشتہ دنوں عرب میڈیا نے بتایا تھا کہ 2 پرائیویٹ امریکی کمپنیاں غزہ میں اپنے اہلکار تعینات کریں گی جو شمالی غزہ میں فلسطینیوں کی واپسی کے دوران ہتھیاروں کی ترسیل روکنے کے لئے نگرانی کریں گے۔
غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیلی فوج نتزریم راہداری سے پیچھے ہٹ گئی ہے