وعدہ ہے کہ غربت اور بھوک ختم کریں گے، بلاول کو ووٹ دیں، آصفہ بھٹو

29 Jan, 2024 | 10:40 AM

Imran Fayyaz

 ویب ڈیسک: پاکستان پیپلز پارٹی کی شہید لیڈر محترمہ بینظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو  زرداری نے لیاری میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے پاس عوام دوست، غریب دوست منشور ہے، وعدہ ہے کہ غربت اور بھوک کا خاتمہ کریں گے، کچی آبادی کو ریگولرائز کرکے مالکانہ حقوق دیں گے۔

کراچی میں لیاری کے علاقے آگرہ تاج میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لیاری ہمارے ساتھ کھڑا رہا، ہم بھی لیاری کے ساتھ کھڑے رہیں گے، تیر پر مہر لگا کر بلاول کو منتخب کریں، ہم مل کر پاکستان کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔

ریلی میں سعید غنی اور نبیل گبول سمیت پیپلز پارٹی کے دیگر رہنما بھی آصفہ بھٹو کے ہمراہ موجود تھے، ریلی صدر کے علاقے ٹاور سے شروع ہوئی اور لیاری کے مختلف علاقوں سے ہوکر گھاس منڈی پر اختتام پذیر ہوئی۔

اسی دوران پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری سینیٹر وقار مہدی نے کراچی کے علاقے بوٹ بیسن کلفٹن میں انتخابی کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک میں بلاول بھٹو زرداری جیسا کوئی دوسرا ویژنری لیڈر نہیں ہے، ملک کی معاشی اور اقتصادی صورتحال بہتر بنانے کا منصوبہ صرف پیپلزپارٹی کے پاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی شہر کو ہمیشہ پیپلزپارٹی ہی اون کرتی ہے، 35 سال تک شہر پر حکمرانی کرنے والوں نے پرامن کراچی کو خون آلودہ کیا، کراچی میں ایم کیو ایم کے تین میئر آئے لیکن انہوں نے کراچی کو سنوارنے کے بجائے اجاڑ دیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت کی جانب سے کراچی میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے۔

سینیٹر وقار مہدی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی 8 فروری کے انتخابات میں کراچی کی سنگل لارجیسٹ پارٹی ہو گی۔

مزیدخبریں