بوکا ٹا کا مچے گا شور، 17 فروری کو سعودی میں بسنت کا میلہ سجے گا

29 Jan, 2023 | 02:52 PM

(مانیٹرنگ ڈیسک) 17 فروری کو مچے گا بوکا ٹا کا شور ، سعودی عرب میں بسنے والے پاکستانی  بسنت منائیں گے۔

جَشن بہاراں کا تہوار بسنت شہر لاہور کی جان تھا، پنجاب کے سبھی لوگ اس تہوار کو ذوق و شوق سے مناتے تھے، نیلا آسمان دیدہ زیب رنگوں کی پتنگوں سے سج جاتا تھا، چھٹی کے روز دن بھر فضا بوکاٹا اور آئی بُو کی آوازوں سے گونجتی رہتی تھی، شہرِ لاہور کی سڑکوں کو رنگ برنگی پتنگوں سے دلہن کی طرح سجایا جاتا تھا۔ مگر اب بسنت، ایک قصہ پارینہ بن چکی ہے۔

گزشتہ کئی برسوں سے پاکستان میں رونما ہونیوالے حادثات کی وجہ سے بسنت کے تہوار پر پابندی عائد ہے۔ ایسے میں دیار غیر میں بسنے والے پاکستانی وہاں بسنت کی یاد تازہ کرسکتے ہیں۔ سعودی عرب کے شہر الخبر میں الظہران کائٹ کلب اور الخبر کائٹ کلب کے ارکان کی جانب سے 17 فروری کو جشن بہاراں کے سلسلے میں بسنت میلہ سجانے کا اعلان کیا گیا ہے جس سے ہر سال کی طرح سینکڑوں افراد لطف اندوز ہوسکیں گے۔

یہ تہوار بیرون ملک ہمارے ثقافتی رنگوں کو اجاگر کرتا ہے۔ اس حوالے سے الخبر میں بسنے والے پاکستانی بہت پُرجوش ہیں اور بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں۔

 

 

 

مزیدخبریں