محکمہ سکول ایجوکیشن نے عدالتی حکم ماننے سے انکار کردیا

29 Jan, 2021 | 10:05 AM

M .SAJID .KHAN

(جنید ریاض) محکمہ سکول ایجوکیشن کا عدالتی حکم ماننے سے انکارکردیا، ریشنلائزیشن کی بنیاد پر اساتذہ کے تبادلے واپس نہ لیے۔

تفصیلات کے مطابق سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے عدالتی احکامات کے باوجود اساتذہ کے انتظامی امور پر کیے جانے والے تبادلے واپس لینے سے انکار کردیا ہے، ہائیکورٹ نے ریشنلائزیشن کی بنیاد پر اساتذہ کے تبادلے واپس لینے کا حکم دیا تھا، عدالت نے ریشنلائزیشن و انتظامی تبادلوں پر اساتذہ تنظیموں کے تحفظات دور کرنے کا حکم بھی دیا تھا.

وزیرتعلیم پنجاب کے حکم پر محکمہ سکول ایجوکیشن نے عدالتی احکامات پر عملدرآمد روک دیا ہے، چیئرمین پیپسا کاشف شہزاد چوہدری کا کہنا ہے کہ اساتذہ کے تبادلوں پر تحفظات دور نہ ہوئے تو توہین عدالت پر دوبارہ عدالت جائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ تنظیمیں 4 فروری کو مطالبات کی منظوری  کے لئےدفتر وزیراعلیٰ پنجاب 8 کلب روڈ پر احتجاج کریں گی۔

دوسری جانب اساتذہ تنظیموں کے احتجاج پر شہر میں خوشحالی سروے پر تاحکم ثانی کام روک دیا گیاہے، اساتذہ کو سروے کے دوران لوگوں کی جانب سے تشدد کرنے کے مسائل درپیش ہیں،لاہور پریس کلب کے باہر اساتذہ تنظیموں کے احتجاج کے باعث خوشحالی سروے پر تاحکم ثانی کام روکنے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔

اساتذہ نے گزشتہ روز اساتذہ تنظیموں کے رہنما کاشف شہزاد چوھری اور رانا لیاقت کی قیادت میں احتجاج کیا تھا۔سی ای او ایجوکیشن لاہور اور خوشحالی سروے کی ٹیم سے اساتذہ کے آج دوبارہ مذاکرات ہوں گے۔ اساتذہ رہنمائوں کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے دوران اساتذہ کی عزت پر کوئی حرف نہیں آنے دیں گے۔

مزیدخبریں