درنایاب: ایل ڈی اے اتھارٹی کے فیصلے کے بعد شہریوں کو بڑا ریلیف، آئندہ رہائشی نقشہ منظوری کے 21 روز جبکہ کمرشل نقشہ منظوری کے 45 روز مقرر، تاخیر کی صورت میں شہریوں کو نقشہ منظوری کے پراسیس کے دوران تعمیرات کی مکمل اجازت ہوگی۔
ایل ڈی اے کے وائس چئیرمین ایس ایم عمران کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے، اس سے قبل شہریوں کو نقشہ منظوری کیلئے دو سے چار ماہ انتظار کی سولی پر لٹکنا پڑتا تھا، شہریوں کو رہائشی و کمرشل نقشہ جات کی منظوری کیلئے ایل ڈی اے کے بے جا اعتراضات اور تاخیری حربوں کا سامنا بھی کرنا پڑتا تھا۔
آئندہ شہری ایل ڈی اے کے بلاجواز تاخیری حربوں کا شکار نہیں ہوں گے، اکیس روز اور پینتالیس روز کی ڈیڈ لائن گزر جانے کے بعد متعلقہ ٹاون پلاننگ کا عملہ جواب دہ ہوگا۔
شہریوں کو نقشہ جات کی منظوری روکنے پر تعمیرات روکنے جیسی پابندی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، دوران تعمیرات صرف جمع شدہ نقشہ کی خلاف ورزی پر تعمیرات کو رکوایا جاسکے گا۔