پیراگون ہاؤسنگ کیس، خواجہ برادران کے وکلاء عدالت طلب

29 Jan, 2020 | 12:06 PM

Sughra Afzal

(شاہین عتیق) احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کی زمین کا ریکارڈ طلب کرنے کی نیب کی درخواست پر خواجہ برادران کے وکلاء کو بحث کیلئےطلب کرتے ہوئے سماعت 11 فروری تک ملتوی کردی۔

جیل حکام نے خواجہ برادران کو جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد عدالت کے روبرو پیش کیا، احتساب عدالت کے جج جوادالحسن نے کیس کی سماعت کی، دوران سماعت تفتیشی افسر نے قیصر امین بٹ کی رپورٹ پیش کی اور عدالت کو  بتایا کہ میں نےخود وزٹ  کیاہے، قیصر  امین بٹ بیمار ہیں۔

عدالت نے تفتیشی افسر پر سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے رپورٹ واپس کردی اور کہا کہ ریفرنس میں بھی تمام ضروری دستاویزات کی کاپیاں لف کی گئی ہیں جبکہ قانون کے مطابق وہ اصل دستاویزات ادھر ہونی چاہیے تھیں۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت میں پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کی زمین کا ریکارڈ عزیز بھٹی ٹاؤن سے طلب کرنے کی استدعا کی، جس کو عدالت نے منظور کرتے ہوئے ملزمان کے وکلاء کو بحث کیلئےطلب کرلیا، عدالت نے کیس کی سماعت 11 فروری تک ملتوی کردی۔

مزیدخبریں