سٹی42: ساتویں پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ مشقیں 2024 کھاریاں گیریژن میں مکمل ہو گئیں۔ کھاریاں میں کھاریاں گیریژن میں مقابلوں کی شاندار اختتامی تقریب میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر مہمان خصوصی تھے۔
پاک فوج کی 7 ٹیموں نے 60گھنٹوں کی طویل پیٹرولنگ ایکسرسائز میں حصہ لیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ امریکہ،سعودی عرب،ترکی،قطر اور 11 دوسرےدوست ممالک کی ٹیمیں اس ایکسرسائز میں شریک ہوئیں۔
ان مشقوں میں چین ،جرمنی ،انڈونیشیا سمیت 6ممالک کے مبصرین بھی شامل ہوئے۔ یہ پیٹرولنگ مشقیں 25سے27فروری کےدوران نیم پہاڑی علاقوں میں کی گئیں۔
اختتامی تقریب میں آرمی چیف جنرل عاصم منیرنےمشقوں میں بہترین مہارتوں کا مظاہرہ کرنے والے تمام شرکا کی صلاحیتوں کی تعریف کی۔
چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے اختتامی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان مقابلوں سے ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کے مواقع ملتے ہیں،مشقوں سے پیشہ ورانہ عسکری اور حربی مہارتیں بہتر ہوتی ہیں۔ایسے مقابلے جوانوں کی صلاحیتوں کومزید بہتر بناتے ہیں۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ایسی مشقیں پاک فوج کے جوانوں کے کردار ،عزم اور قابلیت کاخاصا ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے جوانوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ مقابلوں اور مشقوں کے اختتام پر آرمی چیف نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں اور ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے۔
اختتامی تقریب میں بین الاقوامی مبصرین اور اسلام آباد میں تعینات دفاعی اتاشیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
آرمی چیف کی تقریب گاہ میں آمد پر کورکمانڈر منگلا نے ان کا استقبال کیا ۔