(ویب ڈیسک)قومی اسمبلی کے ابتدائی سیشن میں جے یو آئی(ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی حلف اٹھالیا،مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ لگتا نہیں اسمبلی پانچ سال پورے کرے گی۔
جے یو آئی(ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے پارلیمنٹ پہنچنے پر صحافی نے سوال کیاکہ اسمبلی کیسے لگی آپ کو ؟،مولانا نے جواب دیا کہ یہ کوئی اسمبلی ہے کیا۔صحافی نے پھر سوال کیا کہ مولانا صاحب اسمبلی پانچ سال پورے کرے گی، مولانا بولے کہ لگتا تو نہیں ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر میڈیا سے گفتگو میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ دعا کریں اسمبلی عوام کی امیدوں پر پورا اتر سکے اور مشکل وقت میں عوام کے لیے ریلیف کا بندوبست کرسکیں۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ اللہ کا شکر ادا کرتاہوں،کوشش ہوگی کہ پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کرسکوں۔ مزید کہا کہ تحریک انصاف کے پاس ایک صوبائی اسمبلی موجود ہے، تحریک انصاف کو چاہئے کہ خیبرپختونخوا کے عوام کی بہتری کیلئے کردار ادا کریں۔
یاد رہے قومی اسمبلی کے اجلاس میں نو منتخب ارکان نے حلف اٹھالیا ہے۔سپیکر راجہ پرویز اشرف نے نو منتخب اراکین سے حلف لیا ۔