( اکمل سومرو ) پنجاب یونیورسٹی تصادم میں ملوث چودہ طلبا معطل، سوشیالوجی کے نو اور لاء کالج کے دو طالبعلم معطل کر دیے گئے۔
پنجاب یونیورسٹی میں جمعہ کے روز تصادم کرنے والے طلباء کے خلاف کارروائی کر دی گئی ہے۔ یونیورسٹی حکام نے طلباء کی شناخت کرنے کے بعد انھیں معطل کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈیپارٹمنٹ آف فلاسفی سے محمد وقاص، ہیلے کالج آف کامرس سے عمران خان، انسٹیوٹ آف کیمیکل سے محمد ریحان جبکہ سوشیالوجی سے مظفر احمد، عنصر عباس، قیصر خان، نسیم احمد، محمد عمر الیاس، کبیر سہیل، بلال لقمان، ارسلان ارشد اور محمد عبد اللہ کو معطل کیا گیا ہے۔
اسی طرح لاء کالج سے شاہ زیب عارف اور بابر حسین کو معطل کر دیا گیا۔ معطل کیے گئے طلباء کی ہاسٹل الاٹمنٹ بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔ رجسٹرار پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر خالد خان نے معطل کیے گئے طلباء کی تفصیلات متعلقہ ڈیپارٹمنٹ کے سربراہان کو ارسال کر دی ہے اور ہاسٹل وارڈنز کو ہدایات کی گئی ہیں کہ وہ ان طلباء کے کمروں کی الاٹمنٹ بھی منسوخ کر دیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب یونیورسٹی دو طلباء تنظیموں میں تصادم کے باعث میدان جنگ بن گئی تھی۔ پشتون ایجوکیشنل موومنٹ اور پنجابی کونسل کے درمیان لڑائی ہوئی، طلباء تنظیموں کے کارکنوں کی جانب سے ایک دوسرے کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا، اس دوران ڈنڈوں اور سوٹوں کا بھی آزادانہ استعمال کیا گیا۔