وزیر ریلوے شیخ رشید نے وزارت چھوڑنے کا اعلان کر دیا

29 Feb, 2020 | 03:31 PM

Sughra Afzal
Read more!

(سعید احمد)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ روہڑی حادثے کا شدید افسوس ہے، روہڑی حادثہ بس ڈرائیور کی جلد بازی کے باعث پیش آیا، جاں بحق ہونیوالوں کی مغفرت کیلئے دعا گو ہیں۔

ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوےشیخ رشید نے کہا کہ گزشتہ رات روہڑی میں پیش آنیوالا حادثہ بس ڈرائیور کی غلطی کے باعث پیش آیا، بس ڈرائیور نے فلائی اوور کی بجائے کراسنگ سے گزرنے کی کوشش کی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون کے حوالے سے 10 مئی کو قوم کیلئےاچھی خبر ہو گی، کراچی سے پشاور تک تمام کراسنگ ختم ہو جائے گی اور ریلوے نئی بنے گی، جس کے بعد وزارت چھوڑ دوں گا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 9 مارچ سے اے سی بزنس اور اے سی اسٹینڈرڈ کا کرایہ 20 فیصدرعایت جبکہ دو طرفہ کرائے  پر 25 فیصد رعایت ہوگی، رعایت 15 رمضان المبارک تک رہے گی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ سال فریٹ کا سال ہے، پانچ نئی فریٹ ٹرینیں  30جون سے پہلے چلائیں گے، فریٹ میں بہتری سے ریلوے کے خسارےمیں کمی آئے گی، سپریم کورٹ کی ہدایت پرزمین فروخت کریں گے۔

ایک سوال کے جواب پر وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو سلیکٹڈ تھا، عمران خان الیکٹڈ ہیں، سب لوگ جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر چار  کی پیداوار ہیں، شہباز شریف کرونا وائرس کی وجہ سے نہیں آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اگر پاکستان آئے تو چودہ دن کیلئے قید تنہائی میں رکھنا پڑے گا، شریف فیملی بزدل ہے، آصف زرداری بہادر ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی ٹرین افتتاح پالیسی کو بیک گیئر لگ گیا، شیخ رشید نے اپنی ہی نئی چلائی گئیں 2 ٹرینیں بند کر دیں، شٹل ٹرینیں بند کرنے کے حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

واضح رہےکہ گزشتہ روز پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر روہڑی میں کراچی سے لاہور جانے والی پاکستان ایکسپریس اور ایک بس کے درمیان تصادم ہوا تھا جس کے نتیجے میں 19 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ ریلوے ذرائع  کے مطابق مسافر کوچ ٹرین کی زد میں آنے سے پاکستان ایکسپریس کے انجن کو شدید نقصان پہنچا ۔

مزیدخبریں