وکلاء کا سب سے بڑا الیکشن میلہ لاہور ہائیکورٹ میں سج گیا

29 Feb, 2020 | 12:36 PM

Sughra Afzal

(ملک اشرف) وکلاء کا سب سے بڑا الیکشن میلہ لاہور ہائیکورٹ میں سج گیا، ہائیکورٹ بار کا صدر کون ہوگا؟ 19 ہزار سے زائد وکلاء آج ووٹ کے ذریعے فیصلہ کریں گے، 4 عہدوں کیلئے 16 امیدواروں میں کانٹے کا مقابلہ ہوگا، روایتی حریف عاصمہ جہانگیر گروپ، حامد خان گروپ مدمقابل ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ بار کے سالانہ بائیو میٹرک انتخابات  کیلئے  پولنگ کا عمل آج صبح نو بجے سے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہے گا، جس کیلئے چھ پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں، ڈاکٹرجاوید اقبال آڈیٹوریم میں قائم  پولنگ بوتھ پر ووٹ نمبر ایک سے سات ہزار  تک کے وکلاء ووٹ کاسٹ کریں گے۔

سٹڈی روم میں قائم پولنگ بوتھ خواتین وکلاء کے لئے مختص کیا گیا، کیانی ہال، کراچی شہداء ہال، جناح لاﺅنج سمیت دیگر ہالز میں بھی پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، روایتی حریف عاصمہ جہانگیر گروپ اور حامد خان گروپ مدمقابل ہیں، تین صدارتی امیدواروں میں چودھری طاہر نصراللہ، مقصود بٹر اور چودھری ولایت علی، نائب صدر کے چار امیدواروں میں بیرسٹر چودھری سعید حسین ناگرہ، مدثر عباس مگھیانہ، محمد ایوب خان اور توصیف خالد کھٹانہ، سیکرٹری بار کے تین امیدواروں میں ہارون دوگل، بیرسٹر دانیال اعجاز چدھڑ اور اختر پڈا جبکہ فنانس سیکرٹری کے لئے چھ امیدواروں میں مقابلہ ہوگا۔ 19  ہزار665 وکلاء حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے۔

 چیئرمین الیکشن بورڈ چودھری عمران مسعود نے سٹی42 سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹ کاسٹ کرنے کے لئے ووٹرز وکلاء اپنا قومی شناختی کارڈ یا بار کا کارڈ لے کر آئیں، پولنگ ڈے پر ہائیکورٹ میں غیرمتعلقہ افراد کا داخلہ بند ہے۔

واضح رہے کہ وکلاء جمہوریت کیلئے بہترین رول ماڈل، ڈیڑھ سو سال سے لاہور ہائیکورٹ بار کے الیکشن کا تسلسل برقرار ہے، قیام پاکستان سے قبل سے اب تک بڑے بڑے وکلاء کو ہائیکورٹ بار کا صدر رہنے کا اعزاز حاصل رہا۔ لاہور ہائیکورٹ کے نامزد چیف جسٹس محمد قاسم خان بھی ہائیکورٹ بار کے عہدیدار رہ چکے ہیں، جسٹس ملک شہزاد احمد خان ہائیکورٹ راولپنڈی بار کے صدر رہ چکے ہیں، جسٹس شہرام سرور چوھری لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر رہ چکے ہیں۔

مزیدخبریں