کرونا وائرس،باہر سے آنیوالوں کی سکریننگ کیلئے فہرستیں تیار

29 Feb, 2020 | 12:30 PM

Sughra Afzal
Read more!

ائیر پورٹ (عثمان علیم، وقارگھمن، قذافی بٹ، عرفان ملک)  پاکستان میں کرونا وائرس کے دو کیسز سامنے آنے کے بعد پنجاب  حکومت متحرک ہوگئی ہے، کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے مختلف اقدامات کررہی ہے، حکومت نے بیرون ملک سےآنے والوں کی سکریننگ کیلئے فہرست تیار کرلیں۔

تفصیلات کے مطابق ایک اہم اجلاس میں کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر  متاثرہ ممالک سے آنے والوں کی سکریننگ کا فیصلہ کیا گیا،  ضلعی حکومتوں کو سکریننگ کیلئے مسافروں کی فہرستیں  بھی  فراہم کردی گئیں، باہر سے آنے والوں کو بخار، سانس کی علامات پر علیحدہ کیا جائے گا،تعلیمی اداروں کو وائرس سے آگاہی کا ذریعہ بنانے کی ہدایت کی گئی ہے،  سرجیکل ماسک کی قیمت نہ بڑھنے دینے کیلئے بھی اقدامات کی ہدایت کردی گئی، ضلعی انتطامیہ کو ہسپتالوں میں سپیشل وارڈز اور مارکیٹس میں مناسب ریٹس پر ماسک کی فراہمی سمیت دیگر ٹاسک سونپ دیئے گئے۔

حکومتی ہدایات کےبعد شہر میں کرونا وائرس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی، ڈپٹی کمشنر دانش افضال نے تمام ضلعی افسروں کو الرٹ جاری کردیا کہ شہر کے تمام بڑے ہسپتالوں میں کرونا وائرس کے سپیشل کاﺅنٹرز اور وارڈ ترجیحی بنیادوں پر قائم کیے جائیں، اس ضمن میں کوئی غفلت نہ برتی جائے، سی ای او ہیلتھ کو تمام بڑے ہسپتالوں میں روزانہ کی بنیادوں پر وزٹ کرنے اور وارڈ میں مناسب سہولیات کی فراہمی کا ٹاسک سونپا گیا۔

دوسری جانب کرونا وائرس کی وجہ سے مہنگے داموں ماسک فروخت کرنے والے اب بچ نہیں سکیں گئے،  سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے ماسک کی مہنگے داموں فروخت روکنے کیلئے 15 پر شکایت درج کرانے کی سہولت فراہم کر دی۔

انہوں نے کہا کہ 15 پر کال آنے کی صورت میں دکاندار کے خلاف کارروائی کریں گے۔پنجاب حکومت نے مارکیٹ سے حفاظتی ماسک غائب ہونے اور مہنگے داموں فروخت ہونے کے بعد پیمپر انڈسٹری سے بات کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ حفاظتی ماسک کی قلت کو دور کیا جاسکے۔

وزیرصنعت اسلم اقبال کی زیرصدارت اجلاس میں اس بات کی بھی تجویز دی گئی کہ امپورٹرز کی سرجیکل آلات پر عائد ڈیوٹی اور سیلز ٹیکس کو ختم کر دیا جائے۔

 علاوہ ازیں ایئرپورٹ پر بھی سپیشل کاﺅنٹرز قائم کرنے، عملہ کی ہمہ وقت موجودگی اور بیرون ممالک سے آنے والے افراد کی مکمل سکریننگ کی ہدایات کی گئی ہیں۔

 

مزیدخبریں