پاکستان ایکسپریس حادثے کا شکار، ٹریفک معطل

29 Feb, 2020 | 12:27 AM

Malik Sultan Awan

(سعید احمد سعید ) روہڑی کے قریب ٹرین اور بس کا تصادم، اپ ٹریک پر ٹریفک معطل ہوگئی، کراچی سے راولپنڈی آنے والی ٹرین پاکستان ایکسپریس اے سی بس کےساتھ روہڑی کے علاقے کندھرہ پھاٹک پر ٹکرا گئی، حادثے کے باعث کراچی سے لاہور آنے والی متعدد ٹرینوں کو مختلف ریلوے سٹیشنوں پر ہی روک لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جناح ایکسپریس کو روہڑی کے پاس ہی روک لیا گیا، قراقرم ایکسپریس کو خیرپور ریلوے سٹیشن پر روک لیا گیا۔ پاک بزنس اور کراچی ایکسپریس کو محراب پور کے قریب روک لیا گیا۔ ملت ایکسپریس کو پڈعیدن کے قریب روک لیا گیا۔لاہور آنے والی علامہ اقبال ایکسپریس کو بھی روک لیا گیا جبکہ لاہور سے کراچی جانے والی ٹرین فرید ایکسپریس کو پنو عاقل کے قریب روک لیا گیا۔ ریلوے حکام کے مطابق ریلیف انجن کی وجہ سے ٹرینوں کو مختلف جگہوں پر روکا گیا۔

دوسری جانب روہڑی حادثے میں قیمتی جانوں کے ضائع ہونے پر وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا اظہار افسوس کیا، شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حادثہ ان مینڈ لیول کراسنگ پر پیش آیا۔ ٹرین حادثہ بظاہر بس ڈرائیور کی لاپروائی کی وجہ سے پیش آیا۔حادثے میں ٹرین انجن کو نقصان پہنچا جبکہ اسسٹنٹ ڈرائیور زخمی  ہوگیا، ٹرین مسافر محفوظ رہے ہیں۔ پاکستان ریلوے کے 2470 ان مینڈ لیول کراسنگ ہیں جن کو مینڈ کرنے کے لیے پاکستان ریلوے نے کئی بار صوبائی حکومتوں کو خط لکھے ہیں۔ڈرائیوروں اور راہگیروں سے ٹریک احتیاط سے عبور کرنے کی درخواست ہے جبکہ اس حادثے کی انکوائری ایف جی آئی آر کریں گے۔

مزیدخبریں