ویب ڈیسک: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی کوریا میں ایئرپورٹ پر مسافر طیارے کے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر افسوس اور جنوبی کوریا کی حکومت اور عوام کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ،صدر مملکت نے واقعے میں ہلاک افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی بھی کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ موان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر طیارہ حادثے کا سن کر بہت دکھ ہوا، طیارہ حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ غم کی اس گھڑی میں جنوبی کوریا کے عوام اور حکومت کے ساتھ ہیں۔
خیال رہے کہ جنوبی کوریا میں لینڈنگ کےدوران طیارے میں آگ لگ گئی جس سے124 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد زخمی ہیں، طیارے میں 175 مسافر اور عملے کے 6 افراد سوار تھے، مسافر طیارہ بنکاک سے موان پہنچا تھا۔