ویب ڈیسک:یمن میں اسرائیلی حملے کے وقت عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے صدر کو بچا کر لے جانے کی سنسنی خیز ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے صدر ٹیڈروس ایڈھانوم یمن کے صنعا ایئرپورٹ کے وی آئی پی لاؤنج میں موجود تھے، جب اسرائیل نے ایئرپورٹ پر میزائل حملہ کر دیا، افراتفری مچنے پر صنعا ایئرپورٹ پرٹیڈروس کو سیکورٹی اہلکار محفوظ مقام پر لے گئے۔
اس موقع کی ایک سنسنی خیز ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں ٹیڈروس کو نہایت سراسیمگی کی حالت میں محفوظ مقام پر لے جاتے دیکھا جا سکتا ہے، جمعرات کو صنعا ایئرپورٹ پر اسرائیلی فوج کے حملے میں کنٹرول ٹاور تباہ ہو گیا تھا اور طیاروں کو نقصان پہنچا تھا۔
واقعے کے بعد عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس نے کہا کہ وہ اور ان کے اقوام متحدہ کے ساتھی یمن کے مرکزی ہوائی اڈے پر موت سے بال بال بچے، جب اسرائیلی فضائی حملوں نے اس عمارت کو نشانہ بنایا۔ ٹیڈروس نے کہا کہ حملے کے سبب ایئرپورٹ پر انتہائی افراتفری مچ گئی تھی۔
انھوں نے ہفتے کے روز ریڈیو 4 کے ٹوڈے پروگرام میں بتایا کہ ہر طرف بے چینی تھی اور لوگ بھاگ رہے تھے، میں اور میری ٹیم مکمل طور پر خطرے کے دہانے پر تھی، اور یہ قسمت کی بات ہے ورنہ اگر میزائل ذرا سا بھی ہٹ جاتا تو یہ ہمارے سروں پر پڑ سکتا تھا۔