الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کے لیے الیکشن شیڈول میں تبدیلی کر دی

29 Dec, 2023 | 06:16 PM

عثمان خان: الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کے لیے الیکشن شیڈول میں تبدیلی کر دی۔

قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے لیے الیکشن پروگرام میں تبدیلی کی گئی۔ اصل شیڈول کے مطابق خواتین اور غیر مسلموں کے کاغذات نامزدگی  کی جانچ پڑتال 24 دسمبر سے 30 دسمبر تک ہونا تھی، اب شیڈول مین تبدیلی کے بعد مخصوص نشستوں کے لیے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 13 جنوری تک کی جائے گی۔

ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیل اصل شیڈول کے مطابق 3 جنوری تک کی جا سکتی تھی، اب شیڈول میں تبدیلی کے بعد خواتین اور اقلیتوں کی نشستوں پر کاغذات نامزدگی کے متعلق ریٹرننگ افسروں کے فیصلوں کے خلاف درخواست 16 جنوری تک دائر کی جا سکے گی۔

اصل شیڈول کے مطابق ایپلیٹ ٹربیونل دس جنوری تک خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے آر اوز کے فیصلوں پر تمام اپیلیں 10 جنوری تک نمٹانے کے پابند تھے، شیڈول میں تبدیلی کے بعد اب اپیلٹ ٹریبونل یہ اپیلیں 19 جنوری تک نمٹائیں گے۔

مخصوص نشستوں کے لیے امیدواروں کی حتمی فہرست اصل شیڈول کے مطابق 12 جنوری کو سامنے آنا تھی اب تبدیل شدہ شیڈول کے مطابق خواتین اور اقلیتوں ک کی نشستوں کے امیدواروں کی حتمی فہرست 23 جنوری کو آویزاں کی جائے گی۔

مزیدخبریں