سٹی42 : وزیراعلیٰ پنجاب سیدمحسن نقوی کے رات گئے سے صبح تک 3ہسپتالوں کے 3گھنٹے دورے کئے جہاں انہوں نے پی آئی سی، چلڈرن ہسپتال اورجنرل ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔
چلڈرن ہسپتال میں زیر علاج 12سالہ بچہ محمد احمدوزیراعلیٰ محسن نقوی کو دیکھ کر مسکراتا رہا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی زیرعلاج بچے محمد احمد کے بیڈ پر آئے،بچے سے ہاتھ ملایا،پیار کیا اوراس کا حال دریافت کیا، وزیراعلیٰ کئی منٹ تک محمد احمد کے پاس کھڑے ہو کر اس سے باتیں کرتے رہے،بچے کی والدہ نے سیدمحسن نقوی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا بیٹا آپ کا بہت بڑا فین ہے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بچے کے مرض کے بارے میں والدین سے پوچھا، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ڈیوٹی ڈاکٹر سے بھی بچے کے علاج معالجے کے بارے میں دریافت کیا اورعلاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ سید محسن نقوی نے زیر علاج دیگر بچوں کی بھی خیریت دریافت کی اوران کی ماؤں سے علاج معالجے کی فراہم کردہ سہولتوں کے بارے میں پوچھا۔ وزیراعلیٰ نے چلڈرن ہسپتال کے مین کوریڈورکے فرش پر نئی ٹائلز لگانے کی ہدایت کردی۔ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب سے 24گھنٹے میں نئے کاؤنٹرز کا ڈیزائن طلب کرلیا۔ انہوں نے نئی ٹائلز اور کاؤنٹرز بنانے کیلئے 10 روز کی ڈیڈلائن دیدی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مختلف فلورز پر کام کرنے والے مزدوروں سے مصافحہ کیا اور اپ گریڈیشن کا کام جلد مکمل کرنے کیلئے ہدایات دیں۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں بھی جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلی نے بائیو گیس کے پائپ 24 گھنٹے میں انڈر گراؤنڈ کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے ویٹنگ ایریا، وارڈز اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا،جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا، انہوں نے ہدایت کی کہ ویٹنگ ایریا میں دل کے مریضوں کے تیمارداروں کے لئے بیٹھنے کا مناسب انتظام کیا جائے۔ جنریٹر کو مناسب جگہ پر شفٹ کرنے کی ہدایت کی۔ ایمرجنسی کے ساتھ خالی جگہ پر پلاٹیشن کی جائے۔
وزیراعلی سیدمحسن نقوی نے جنرل ہسپتال کے چار فلور پرجاری اپ گریڈیشن کے کاموں کامشاہدہ کیا، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بائیو گیس اوراے سی کے پائپ کیلئے محفوظ اورمعیاری وائرنگ کی ہدایت کی۔
وزیراعلی محسن نقوی نے نئے زیرتعمیر آپریشن تھیٹرز کا بھی معائنہ کیااورآپریشن تھیٹرز کو انفیکشن فری بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے دوسرے،تیسرے اورچوتھے فلور پر کام میں سست روی کانوٹس لیا اورمتعلقہ حکام کو تعمیراتی سرگرمیاں تیز کرنے کیلئے موقع پر ہی احکامات دیئے۔