بسمہ معروف نے ورلڈکپ 2022 کیلئے دستیابی ظاہر کردی

29 Dec, 2021 | 11:18 AM

Sughra Afzal

نشتر پارک (حافظ شہباز علی) پاکستان کی بیٹر بسمہ معروف نے آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2022 میں شرکت کیلئے دستیابی ظاہر کردی، وہ گلوبل ایونٹ کیلئے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کیلئے کراچی میں شیڈول وارم اپ میچز میں شرکت کریں گی۔ 

آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2022 کی سلیکشن کیلئے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی ممکنہ 36 کھلاڑیوں کا اعلان کردیا گیا، جس میں بسمہ معروف کا نام بھی شامل ہے، یہ تمام کھلاڑی 10 سے 19 جنوری تک حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی  میں شیڈول سات میچز پر مشتمل سہ فریقی سیریز میں شرکت کریں گی، ان 36 کھلاڑیوں کو دو ٹیموں میں تقسیم کیا جائے گا، سہ فریقی سیریز میں شامل تیسری ٹیم مقامی لڑکوں پر مشتمل ہوگی۔

 آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2022 چار مارچ سے تین اپریل تک نیوزی لینڈ میں کھیلا جائے گا, بسمہ معروف پہلے ہی نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹرلاہور میں فٹنس سیشنز اور اپنی کرکٹ سرگرمیوں کا آغاز کرچکی ہیں تاہم وہ ہاتھ کے انگوٹھے کی انجری سے صحتیاب ہوکر جلد ہی اپنے نیٹ سیشنز کا بھی آغاز کردیں گی۔

بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند ماہ ان کی زندگی کے حسین ترین لمحات تھے۔ ماں بننا اور پھر اپنی بیٹی کیساتھ وقت گزارنے پر وہ بہت خوش ہیں، مگر اب وقت آگیا ہے کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کے اپنے جنون پر دوبارہ توجہ دیں۔پی سی بی کی پیرینٹل اسپورٹس پالیسی نے ان کی کرکٹ میں واپسی کو آسان بنایا ہے۔

مزیدخبریں