گلبرگ (سٹی42) پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی سینئر اداکارہ صبا فیصل اور اشنا شاہ سرحد پار بھارت میں اپنی اداکارانہ صلاحیتیں دِکھانے کیلئے تیار ہیں۔
اداکارہ صبا فیصل اور اشنا شاہ نے مشہور بھارتی ہدایت کار انوراگ کشپ کے ساتھ ایک نئے پراجیکٹ کا اعلان کردیا ہے، یہ دونوں اداکارائیں اس وقت اس پراجیکٹ کے لیے یورپی ملک بیلاروس میں موجود ہیں۔
صبا فیصل نے انسٹا گرام پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی ہے، انہوں نے ویڈیو میں بتایا ہے کہ'یہ ان کا پہلا دن ہے، وہ بیلاروس کیوں آئی ہیں، آپ جلد دیکھیں گے، انشاء اللہ'۔ انہوں نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ'ایک عظیم ڈائریکٹر کے ساتھ نیا پروجیکٹ'۔
دوسری جانب، اشنا نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر صبا فیصل کی پوسٹ کو شیئر کیا۔ ویڈیو میں انوراگ کشپ کو صبا فیصل اور اشناشاہ سے پراجیکٹ کے بارے میں بات کرتے نظر آ رہے ہیں۔
انہوں نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ سرحد پار اس شراکت داری اور اس ادارے سے سیکھنے کا اعزاز ملنے پر بہت پرجوش ہیں۔