(عرفان ملک)لاہور میں گزشتہ چار ماہ کے دوران 23 کم عمر بچوں اور بچیوں کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جنسی تشدد کا شکار ہونے والوں میں 16 بچے اور 7 بچیاں شامل ہیں جبکہ ایک بچی اور ایک بچے کو جنسی زیادتی کے بعد قتل کیا گیا بچوں سے زیادتی اور قتل کے تمام ملزم گرفتار کرلئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں گزشتہ چار ماہ کے دوران تیئس کم عمر بچوں اور بچیوں کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا ۔دو بچوں کو جنسی زیادتی کے بعد قتل کیا گیا،تازہ رپورٹ میں بیان کیا گیا کہ چار ماہ کے دوران پندرہ کم عمر بچوں کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا،چھ کم عمر بچیوں کو جنسی درندگی کا نشانہ بنایا گیا،پولیس حکام کا کہناتھا کہ چار ماہ کے دوران بچے بچیوں سے زیادتی، بدفعلی و قتل کے تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
چار ماہ کے دوران بچیوں سے زیادتی کے 05 مقدمات میں پانچوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا،زیادتی معہ قتل کے 01 مقدمہ کے دونوں ملزمان گرفتار ہیں،بچوں سے بدفعلی کے 15 مقدمات میں مطلوب 16 ملزمان گرفتار ہیں،بدفعلی و قتل کے 01 مقدمے میں پانچوں ملزمان گرفتار ہیں،زیادتی و بدفعلی کے مقدمات میں 96 فیصد گرفتاریاں عمل میں لائی جا چکی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور کے علاقے سندر میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں سات سالہ بچی گزشتہ روز اغوا ہوئی، ورثاء نے اغواء کا مقدمہ درج کروایا اور شک گزرنے پر بچی کے تایا زاد رضوان سے پوچھ گچھ کی جس دوران ملزم نے ساتھی سمیت زیادتی کے بعد قتل کا اعتراف کرلیا۔
آج ملزموں کو عدالت پیش کیاگیا،مقتولہ کے چچا زاد کزن رضوان یوسف اور اللہ دتہ کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا گیا، بچی کا پوسٹ مارٹم تا حال نہیں ہو سکا۔ ابتدائی رپورٹ میں قتل کے بعد زیادتی کا انکشاف ہوا۔