(ویب ڈیسک) پاکستان ٹیلی ویژن نیٹ ورک کو تر کش ڈرامہ سیریز ارطغرل غازی نشر کرنے پر محتاط اندازے کے مطابق تقریباً 42 کروڑ روپے کی آمدن ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیشن میگزین کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سرکاری ٹی وی چینل کو شہرہ آفاق ترکش ڈرامہ سیریز " ارطغرل غازی" اردو میں ڈب کرکے نشر کرنے پر حوصلہ افزاء آمدن ہوئی ہے، ڈرامہ سیریز وزیراعظم عمران خان نے خصوصی تجویز پر ڈبنگ کے بعد رواں برس اپریل، مئی کے مہینوں میں نشر کرنا شروع کیا۔
کورونا لاک ڈاؤن کے دوران نشر کیے گئے اس ڈرامہ سیریل کو پاکستان میں بے پناہ شہرت ملی، ٹی وی سمیت اس کی اقساط کو یوٹیوب پر بھی کروڑوں افراد نے پسند کیا ہے، یوٹیوب پر نشر کرنے کیلئے پی ٹی وی نے ترکی کے ریاستی براڈکاسٹر ٹی آر ٹی کے ساتھ مل کر خصوصی یوٹیوب چینل بھی تشکیل دیا تھا جسے اپریل سے اب تک 1 کروڑ سے زائد افراد سبسکرائب کرچکے ہیں۔
یوٹیوب پر اس کی پہلی قسط کو اب تک 8 کروڑ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے، جب کہ مجموعی طور پر اس ڈرامہ کے ویوز اربوں تک پہنچ چکے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس وزیراعظم عمران خان نے ایک ویڈیو پیغام میں پاکستان ٹیلی ویژن نیٹ ورک پی ٹی وی کو ترکی کی مشہور ڈرامہ سیریز " ارطغرل غازی " کو اردو میں ڈبنگ کے بعد نشر کرنے کی تجویز دی تھی۔