وزیراعلیٰ پنجاب کامخالفین کو دوٹوک پیغام

29 Dec, 2020 | 11:09 AM

M .SAJID .KHAN

(قیصرکھوکھر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کا ایجنڈا صرف عوام کی خدمت ہے،عوام کی ترقی و خوشحالی کے روڈ میپ پر تیزی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔سابق حکمران آج وہی کاٹ رہے ہیں جو انہوں نے بویا تھا.

تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کھوکھلے نعرے لگانے والے قصہ پارینہ بن چکے ہیں،ہم نعروں پرنہیں عمل پر یقین رکھتے ہیں،ماضی کی لوٹ مار کا دور واپس نہیں آئے گا۔ عثمان بزدارکاکہنا تھا کہ سابق حکمران آج وہی کاٹ رہے ہیں جو انہوں نے بویا تھا، 22 کروڑ عوام ملک کی ترقی کا راستہ روکنے والوں کا کبھی ساتھ نہیں دیں گے۔

عثمان بزدارکاکہناتھاکہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک پائیدار ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے، ان حالات میں انتشار کی سیاست ترقی کے سفر کو روکنے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں پاکستان کو آگے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہناتھا کہ کورونا پر سیاست چمکانے والا ٹولہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے،پی ڈی ایم نے اداروں کو متنازعہ بنانے کی مذموم کوشش کی،اپوزیشن ملک دشمن ایجنڈے پر چل رہی ہے،ایسی اپوزیشن کے ہوتے ہوئے کسی اور دشمن کی ضرورت نہیں، راجکماری اور شہزادہ دونوں دن کے وقت وزارت عظمی کے خواب دیکھ رہے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہناتھا کہ بلی کو ہروقت خواب میں چھچھڑے ہی نظر آتے ہیں، راجکماری اور شہزادہ ذہن نشین کر لیں کہ یہ بادشاہت کا ددور نہیں،آپ دونوں کے ابا جی کا اقتدار کرپشن میں لت پت رہا،اب پاکستان بدل چکا ہے اور وزارت عظمیٰ پر عوامی وزیر اعظم موجود ہے،وزیر اعظم عمران خان نے کرپشن کے بت پاش پاش کئے ہیں،وزیر اعظم عمران خان کے ہوتے ہوئے چوروں اور لٹیروں کو کوئی این آراو نہیں ملے گا۔





مزیدخبریں