(شہزاد خان) رواں کاروباری ہفتے کے اختتام تک شہر کے صرافہ بازاروں اور مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان دیکھا گیا، فی تولہ سونے کی قیمت میں ایک ہزار روپے کا اضافہ ہوا، سونے کی بڑھتی قیمتوں پر خواتین صارفین نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صرافہ بازاروں اور مارکیٹوں میں ہفتے کے اختتام تک سونے کی قیمت میں ایک ہزار روپے اضافے کے بعد خالص چوبیس قیراط فی تولہ سونے کی قیمت سڑسٹھ ہزار آٹھ سو روپے ہوگئی ہے جب کہ بائیس قیراط فی تولہ سونا باسٹھ ہزار ایک سو پچاس روپے کا ہوگیا ہے۔
صدر لاہور صرافہ ایسوسی ایشن حاجی محمد افضل نے کہا ہے کہ عالمی صرافہ بازاروں اور مارکیٹوں میں سونے کی خریداری کا رجحان برقرار ہے جس کے باعث سونے کی قیمتیں بڑھیں اور اس کے اثرات مقامی صرافہ بازاروں اور مارکیٹوں میں بھی مرتب ہوئے ہیں، تاہم سونے کی قیمتوں میں اضافے پر خواتین صارفین نے پریشانی کا اظہار کیا ہے۔