سرکاری ہسپتالوں میں بہترین علاج صرف دعوؤں تک محدود

29 Dec, 2018 | 08:44 PM

Arslan Sheikh

(زاہد چوہدری) محکمہ پرائمری ہیلتھ کے زیر انتظام ہسپتالوں میں بلڈ ٹرانسفیوژن کی ڈبلیو ایچ او کے معیار کی سہولت تک دستیاب نہیں، خون کے اجزاء کو الگ کرنے کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں مشینری اور آلات فراہم کئے جائیں، پنجاب بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی نے محکمہ پرائمری ہیلتھ کو مراسلہ ارسال کردیا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ پرائمری ہیلتھ کے زیر انتظام ہسپتالوں میں اربوں روپے بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی پر خرچ تو کیے گئے لیکن محفوظ انتقال خون کی عالمی ادارہ صحت کے کم از کم معیار کی حامل سہولت ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہسپتالوں میں دستیاب نہیں ہے۔ پنجاب بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی نے اس صورتحال پر سیکریٹری پرائمری ہیلتھ کے نام مراسلہ ارسال کیا ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ڈبلیو ایچ او کے کم از کم معیار کے مطابق محفوظ انتقال خون کیلئے خون کے اجزاء کا الگ الگ استعمال ہے لیکن پرائمری ہیلتھ کے ہسپتالوں میں مطلوبہ مشینری اور آلات دستیاب نہیں ہیں۔

محکمہ پرائمری ہیلتھ کے پاس تربیت یافتہ عملہ موجود ہے اس لیے ریفریجریٹڈ سینٹری فیوج مشینیں اور پلازما ایکسٹریکٹر آلات فوری فراہم کیے جائیں۔

مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں یہ سہولت میسر ہونے کی صورت میں خون کے اجزاء ضرورت پڑنے پر تحصیل ہسپتالوں کو بھی مہیا کیے جاسکتے ہیں۔    

مزیدخبریں