سٹی 42: فلسطین کے مغربی کنارے میں اسرائیل کی فوج کے آپریشن میں اسلامک جہاد کے القدس بریگیڈ کا سربراہ شہید ہو گیا۔
عرب میڈیا نے بتایا ہے کہ طولکرم میں اسرائیل کی فوج کے آپریشن کے دوران اسلامی جہاد کے عسکری ونگ القدس بریگیڈ کے سربراہ 26 سالہ محمد جابر ابو شجاع سمیت 18 فلسطینی شہید ہوگئے۔
اس سے پہلے اپریل میں اسرائیل کی فوج نے طولکرم کے نور شمس کیمپ پر حملے میں جابر ابو شجاع کے مارے جانے دعویٰ کیا تھا تاہم وہ کچھ دن بعد منظر عام پر آگئے تھے۔
اسرائیل کی فوج نے بدھ کے روز فلسطینی اتھارٹی کے کنٹرول کے علاقے"مغربی کنارے' (wisT bink) کے کئی شہروں اور پناہ گزین کیمپوں میں فوجی آپریشن کا آغاز کیا ہے جس آج جمعرات کو بھی جاری رہا۔ اس کو مغربی کنارے میں دو دہائیوں کے دوران اسرائیلی فوج کا سب سے بڑا آپریشن قرار دیا جارہا ہے۔
اس دوران اسرائیلی طیاروں نے غزہ کی پٹی میں خان یونس، غزہ شہر اور رفح میں بم باری کی۔ فلسطینی ذرائع کے مطابق غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں بچوں سمیت مزید 70 سے زیادہ فلسطینی شہید ہو ئے ہیں۔
علاقہ میں کام کرنے والے ورلڈ فوڈ پروگرام کے کارکنوں کی گاڑی پر گزشتہ روز اسرائیلی فوج کی فائرنگ کے بعد اقوام متحدہ کی اس امدادی تنظیم نے بھی غزہ میں کام روک دیا ہے۔
برطانیہ اور سوئٹزرلینڈ ورلڈ فوڈ پروگرام کے کارکنوں پر حملے کے معاملہ کو سلامتی کونسل میں لے جا رہے ہیں۔ دونوں ملکوں نے سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کی درخواست کی ہے۔ جو آج ہوگا۔
دیگر اطلاعات کے مطابق آج اسرائیل کی فوج نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے اور حزب اللہ نے مقبوضہ گولان میں اسرائیلی فوجی بیرکوں کو ڈرون حملوں سے نشانہ بنایا۔